Live Updates

افغان صدر کا وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلیفون ، امن و مصالحت کیلئے حالیہ کوششوں بارے گفتگو

دونوں رہنمائوں کی ایک دوسرے کو اپنے اپنے ملک کے دورے کی دعو ت،تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے فضاء پیدا کرنے پر اتفاق افغانستان کا امن پاکستان کے مفاد میں ہے، پرامن مصالحتی عمل سے متعلق سنجیدہ کوششوں پر یقین رکھتے ہیں ، وزیر اعظم

جمعرات 17 جنوری 2019 21:25

افغان صدر کا وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلیفون ، امن و مصالحت کیلئے حالیہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی نے جمعرات کو وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا اور افغانستان میں امن و مصالحت کیلئے حالیہ کوششوں بارے گفتگو کی ۔ جمعرات کو افغان صدر اشرف غنی نے افغانستان کیلئے امریکی نمائندہ برائے امن و مفاہمت زلمے خلیل زاد کی طرف سے شروع کردہ ان کوششوں میں پاکستان کے پرخلوص کردار پر شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کے صدر کو یقین دلایا کہ پاکستان اپنی مشترکہ ذمہ داری کے سلسلہ میں امن کے جامع عمل کے ذریعے افغانستان میں تنازعہ کے مذاکراتی تصفیہ کیلئے مخلصانہ کاوشیں کر رہا ہے۔ صدر اشرف غنی نے وزیراعظم کو دورہ افغانستان کی دعوت دی۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی افغان صدر کو پاکستان کے دورہ کی دعوت دی۔ دونوں رہنمائوں نے مسلسل رابطے میں رہنے اور تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے فضاء پیدا کرنے پر اتفاق کیا۔ذرائع کے مطابق اس دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان کا امن پاکستان کے مفاد میں ہے، پرامن مصالحتی عمل سے متعلق سنجیدہ کوششوں پر یقین رکھتے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم نے افغانستان کے دورے کی دعوت قبول کرلی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات