پاکستان قانون کی حکمرانی، شفافیت پاسداری کرنیوالی آئی این جی اوز سے متعلق باہمی مفید فریم ورک کیلئے پرعزم ہے ،ْتہمینہ جنجوعہ

جمعرات 17 جنوری 2019 21:25

پاکستان قانون کی حکمرانی، شفافیت پاسداری کرنیوالی آئی این جی اوز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان قانون کی حکمرانی، شفافیت کی پاسداری کرنے والی آئی این جی اوز سے متعلق باہمی مفید فریم ورک کیلئے پرعزم ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے یہ بات گزشتہ روز پاکستان میں آئی این جی اوز کی رجسٹریشن اور آپریشن سے متعلق باہمی خدشات اور سوالات پر بحث کے دوران اسلام آباد میں تعینات سفارتکاروں کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔

وزارت خارجہ، داخلہ اور ای اے ڈی کے سینئر نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سیکرٹری خارجہ نے یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آئی این رجسٹریشن کی منسوخی اور بندش کا فیصلہ مناسب عمل کے معیارات کے مطابق تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئی این جی اوز کو باہمی خدشات پر بحث کے مواقع دینے اور اپیل کا حق دیا گیا تھا۔ پاکستانی عوام پر منسوخی کے فیصلے کے اثرات سے متعلق خدشات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں 74 آئی این جی اوز آزادانہ کام اور متعدد ترجیحی شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔

سیکرٹری خارجہ نے آئی این جی اوز اور ڈونر حکومتوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ غربت کے خاتمہ، صحت، ووکیشنل تعلیم و تربیت، سائنس و ٹیکنالوجی، ماحولیاتی تحفظ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، سپورٹس اور ثقافت کے شعبوں میں کام کریں۔ سفارتکاروں نے اس حوالہ سے اوپن ڈائیلاگ اور باہمی خدشات پر بحث کے تعمیری جذبہ کو سراہا۔