نامساعد حالات کے باوجود بلدیہ وسطی میں ترقیاتی کام تسلسل سے جاری

ضلع وسطی کی ہر یونین کمیٹی میں، پارکس کی تزئین و آرائش اور دیگر کئی پروجیکٹس مکمل

جمعرات 17 جنوری 2019 21:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) چیئرمین بلدیہ ریحان ہاشمی کا نیو کراچی زون یونین کمیٹی نمبر 6 میں قائم حق پرست فیملی پارک کا دورہ ،پارک میں جاری تعمیراتی کا م کا معائنہ کیا اس موقع پر یونین کمیٹی نمبر 6 کے وائس چیئرمین نایاب عالم ،یوسی 13 کے وائس چیئرمین سراج احمد ،ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس نیو کراچی آفتاب احمد و دیگر متعلقہ افسران بھی انکے ہمراہ ہیں ۔

اس موقع پر ریحان ہاشمی نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پارک میں جاری ترقیاتی کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ اہلیان یوسی نمبر ۶ کو فوری سستی تفریح میئسرآسکے۔ انہوں نے کہا کہ حق پرست قیادت اپنے عوام کو بلدیاتی سہولیات کے ساتھ ساتھ سستی تفریح کی سہولیات بھی انکی دہلیز پر مہیاء کرنے کے وعدوں کو بتدریج پورا کر رہی ہے انہوںنے کہا کہ بلدیہ وسطی نامساعد حالات کے باوجود ترقیاتی کاموں کا تسلسل جاری رکھے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

رسنے والی مخدوش پانی اور سیوریج لائنوں کی مرمت، ٹوٹی سڑکوں کی استر کاری، باغات کی تزئین و آرائش اور کھیل کے میدانوں کی درستگی سمیت کئی منصوبے مکمل۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی ضلع وسطی کو خوبصورت اور صاف شفاف ضلع بنانے کی تگ و دو میں شب و روز سرگرمِ عمل ہیں۔ اگرچہ فنڈز اور دیگر سہولیات کی کمی ہے اس کے باوجود مختلف پروجیکٹس پایہٴ تکمیل کو پہنچ چکے ہیں۔

ان پروجیکٹس میں کچھ ایسے بھی ہیں کہ جن کی ذمہ داری بلدیہ وسطی پر نہیں تھی تاہم عوام کی تکلیف اور پریشانی کو طوالت دینے سے بہتر یہی سمجھا گیا کہ انہیں دُور کیا جائے ۔ یوں بلدیہ وسطی نے اپنے فنڈز سے مختلف یوسیز میں ٹوٹی اور مخدوش پانی کی لائنوں کی مرمت کرانے کے ساتھ سیوریج کی بھی رسنے والی پائپ لائنوں کی مرمت کرائی اور جہاں ضرورت تھی نئی سیوریج لائینیں ڈلوائیں۔

ان پر کروڑوں روپے لاگت آئی تاہم بلدیہ وسطی عوام کے وسیع تر مفاد میں اپنے وسائل میں رہتے ہوئے بہتر سے بہتر اقدام کررہی ہے۔جبکہ مختلف یوسیز میں پارکس کو بہتر بنایا گیا ہے، پُرانے پارکس اُجاڑ پڑے ہوئے تھے ،کھیل کی میدانوں کو نوجوانوں کے لئے کھیلنے کی قابل بنایا گیا جبکہ مختلف یوسیز میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کی استر کاری او ر مرمت کی گئی تاکہ رہائشی اور تجارتی علاقوں میں ٹریفک کی روانی برقرار رہے ۔