حافظ آباد،پولیس نے دوران واردات چوکیدار کو قتل کرنیوالا سنی ڈکیت گینگ،کالو فقیرڈکیت گینگ، بادشاہ اورساجو موٹرسائیکل لفٹر گینگز

سمیت16مقدمات میں ملوث 19چور ڈکیت گرفتارکر لئے

جمعرات 17 جنوری 2019 21:31

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) حافظ آبادپولیس نے دوران واردات چوکیدار کو قتل کرنے والا سنی ڈکیت گینگ،کالو فقیرڈکیت گینگ، بادشاہ اورساجو موٹرسائیکل لفٹر گینگز سمیت16مقدمات میں ملوث 19چور ڈکیت گرفتارکر لیے۔ڈی پی او حافظ آبادنے 3لاکھ 96ہزارسے زائد نقدی، 19موٹرسائیکل اور دیگرمال مسروقہ 27مالکان کے حوالے کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی پی او حافظ آباد ساجد کیانی کی ہدایت پر ایس ڈی پی او صدر سرکل محمد خالد اور ایس ڈی پی او پنڈی بھٹیاںانجم الثاقب کی سربراہی میں کالو فقیر، سنی ڈکیت گینگز، بادشاہ اور ساجو موٹرسائیکل لفٹر گینگز سمیت 19ملزمان گرفتار کرلیے۔ ایس ایچ او سٹی حافظ آباد اعجاز احمد بٹ کی سربراہی میں انکی ٹیم نے کاروائی کرتے ہوئے سنی ڈکیت گینگ کے سرغنہ کو 3ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

ملزمان میں شاہد حسن، حسنین، حسیب اور عامر وقاص شامل ہیں۔ ملزمان نے دوران واردات 63سالہ چوکیدار کو قتل کیا تھا۔ اس کے علاوہ ملزمان کے خلاف شہری علاقے میں ڈکیتی کے 2مقدمات درج ہیں۔ دوسری کاروائی میں سٹریٹ کرائم میں ملوث کالو فقیر ڈکیت گینگ گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان علی حیدر، شاہذیب، اسد اور عبدالرحمن نے دوران تفتیش سٹریٹ کرائم کے دوران نقدی اور موبائل فون چھیننے کی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔

تھانہ سٹی حافظ آباد پولیس نے تیسری کاروائی میں بادشاہ موٹرسائیکل لفٹرگینگ کے کارندوں رحمن عرف بادشاہ اور بابر علی کو گرفتار کر کے ملزمان سے تاحال 9موٹرسائیکل برآمد کرلیئے ہیں، تاہم مزید برآمدگی متوقع ہے۔ڈی پی او حافظ آبادساجد کیانی کی ہدایت پر موٹرسائیکل چوری کی روک تھام کیلئے سی آئی اے حافظ آبادپولیس نے کاروائی کرتے ہوئے ساجو موٹرسائیکل لفٹرگینگ کے سرغنہ محمد ساجد اورمحسن کو گرفتار کر لیا۔

ملزمان نے دوران تفتیش موٹرسائیکل چوری کی 7وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ گرفتار گینگز سے مجموعی طور پر 3لاکھ 96ہزار سے زائد نقدی،2 موبائل فونز، 19موٹرسائیکل، 1راس بھینس، مال مسروقہ اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ڈی پی او حافظ آباد ساجد کیانی نے برآمدہ مال دوران پریس کانفرنس میڈیاء کے نمائندوں کے سامنے 27مالکان کے حوالے کیا اور ملزمان کو گرفتار کرنے والے افسران اور جوانوں کیلئے نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹس کا اعلان کیا۔