اسسٹنٹ کمشنر کا مختلف یونین کونسلوں کا دورہ ،عملہ صفائی کی حاضری او رصفائی کے معاملات کا جائزہ

جمعرات 17 جنوری 2019 21:34

سرگودھا۔17جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) اسسٹنٹ کمشنر عبداللہ خرم نیازی کا شہر کی مختلف یونین کونسلوں کا اچانک معائنہ عملہ صفائی کی حاضری او رصفائی کے معاملات کا تفصیلا جائزہ لیا۔ تفصیلا ت کے مطابق شہر میں صفائی کی ابترصورتحال کانوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سلوت سعید نے اسسٹنٹ کمشنر کو صفائی کے معاملات کو درست کرنے او رمیونسپل کارپوریشن کے عملہ صفائی کی مانیٹرنگ کی خصوصی ذمہ داریاں سونپ رکھی ہیں ۔

اے سی عبداللہ خرم نیازی نے آج صبح نماز فجر سے پہلے اندرون شہر فیصل بازار ‘ لیاقت مارکیٹ ‘ کچہری بازار ‘ سٹی روڈ بازار ‘ محمدی بازار ‘ مسلم بازار میں عملہ صفائی کی حاضری کو چیک کرنے کے علاوہ صفائی معاملات کاجائزہ لیا ۔ انہوں نے نیو سٹیلائٹ ٹاؤن کے مختلف بلاکوں ‘ لاری اڈا روڈ‘کینال ایریا ‘ چونگی نمبر 12سے پل 49‘ اسلام پو رہ ‘ ریلوے پھاٹک کے اطراف ‘ موہنی روڈ سے کچہری پھاٹک ‘ لاہور روڈ 47پل سے چار مینار ‘ جیل روڈ ‘ کچہری روڈ‘ علی پارک ‘ پائلٹ سکول ‘ جناح کالونی ‘ اولڈ سول لائن ‘ بلاک نمبر 23‘ گل والا ‘ حسین آباد ‘ شمشیر ٹاؤن ‘ محمدی کالونی ‘ گلشن جمال کے علاقوں کا اچانک دورہ کرتے ہوئے صفائی کے معاملات کاجائزہ لیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بتایاگیا کہ ان علاقوں میں سیوریج کے مسائل تقریبا حل ہو چکے ہیں او رروزانہ کی بنیاد پر صفائی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بعض یونین کونسلوں میں عملہ صفائی کی کمی کا نوٹس لیتے ہوئے سپروائزرکو ہدایت کی کہ ایسا شیڈول تیار کیا جائے کہ ایک یوسی کے عملہ صفائی کو دوسری یوسی میں بھی ذمہ داریاں سونپی جاسکیں تاکہ لوگوں کو صفائی او رسیوریج کے معاملات میں بہتری مل سکے۔