سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کی کارروائیوں میں 127مطلوب اشتہاریوں سمیت 2735مشتبہ افراد کوگرفتار کرلیا

جمعرات 17 جنوری 2019 22:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) کوہاٹ پولیس نے ماہ رواں کے دوران ضلع بھر میں بڑے پیمانے پرسرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کی کاروائیوں میں 127مطلوب اشتہاریوں سمیت 2735مشتبہ افراد کوگرفتار کرلیا ہے ۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور اور مسلسل کریک ڈائون کے نتیجے میںبارودی مواد اور اسلحہ ومنشیات کی بھاری کھیپ بھی برآمد کرلی گئی ہے۔

مختلف کاروائیوں کے دوران زیر حراست افراد میںغیر ملکی اور غیر مقامی افراد بھی شامل ہیں۔ انسداد منشیات کے حوالے سے جاری مہم میں رواں مہینے چرس کی بین الاضلاعی سمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کے 7سمگلروں اور21منشیات فروشوں کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرکوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود کی خصوصی ہدایت پر ایس پی آپریشنز صلاح الدین کنڈی اور سرکل ایس ڈی پی اوز کی زیر نگرانی نیشنل ایکشن پلان کی من وعن عملداری کو مد نظر رکھتے ہوئے کوہاٹ کے چارو ںسرکلز سٹی،ہیڈ کوارٹر،صدر اور لاچی سرکل کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز،اچانک چھاپوں اور کریک ڈائون کے تسلسل میںپولیس نے سال نو کے آغاز سے ہی جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرکے قتل واقدام قتل اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب 127اشتہاریوں سمیت 2735مشتبہ افرادکو گرفتار کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

شہر کے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن کی کاروائیوں میں گرفتارمشتبہ افراد میں غیر قانونی مقیم آٹھ افغان باشندے اور 110غیر مقامی افراد بھی شامل ہیں۔ ماہ رواں کے پہلے دو ہفتوں کے دوران ضلع بھر میں کریک ڈائون کے نتیجے میں زیر حراست افراد کے قبضے سے مجموعی طور پر 9کلاشنکوف،2کلوکوف،11رائفل،16بندوق،97پستول،مختلف بور کے 2600کارتوس ،180چارجرز اور20800میرج بم و چائنہ پٹاخے برآمد کرکے قبضے میں لئے گئے ہیں۔