سجال نے پاک یوکے میڈیا کرکٹ ٹیم کو سات وکٹوں سے شکست دیدی

جمعرات 17 جنوری 2019 22:54

سجال نے پاک یوکے میڈیا کرکٹ ٹیم کو سات وکٹوں سے شکست دیدی
لاہور۔17 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) سپورٹس جرنلسٹ ایسوسی ایشن آف لاہور (سجال) نے پاکستان کے دورہ پر آئی پاک یوکے میڈیا کرکٹ ٹیم کو سات وکٹوں سے شکست دیدی۔ عبدالقادر خواجہ اور ابراہیم بدیس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جبکہ ابوبکر بلال نے عمدہ باولنگ کی۔ قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاک یوکے میڈیا ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 15 اوورز کے کھیل میں 6 وکٹوں پر 132 رنز سکور کیے۔

مہمان ٹیم کی جانب سے عامر خان نے 30، سجاد نے 25 اور یاسر نقوی نے 13 نمایاں رنز سکور کیے۔ سجال کی جانب سے باولنگ میں ابوبکر بلال نے تین، یوسف انجم، اعجاز ویسم باکھری اور آفتاب تابی نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔

(جاری ہے)

133 رنز کا ہدف سپورٹس جرنلسٹ ایسوسی ایشن آف لاہور کی ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر 10.5 اوورز میں پورا کرکے میچ سات وکٹوں سے جیت لیا۔ عبدالقادر نے 77 اور ابراہیم بدیس نے ناقابل شکست 39 رنز سکور کیے۔ میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی ڈائریکٹر انٹرنیشنل پی سی بی ذاکر خان، ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور، آئی سی سی ایلیٹ امپائر علم ڈار، سابق منیجر پاکستان ٹیم اظہر زیدی، نائب صدر پی ایف ایف سردار نوید حیدر اور میاں رضوان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔