Live Updates

عمران خان ملک کے وزیر اعظم ہیں وہ جب چاہیں سندھ میں آ سکتے ہیں

مگر وزیر اعظم کو سندھ کی ترقی کیلئے آنا چاہیے، بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری نے دیگر اپوزیشن جماعتوں سے اتحاد عوامی مسائل کے حل کیلئے کیا ہے، ای سی ایل میں میرا نام ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، میں سرکاری دورے کے علاوہ کبھی بھی باہر نہیں گیا ، عمرے اور حج کیلئے سعودی عرب جاتا ہوں، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی میڈیا سے گفتگو وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے والد عبد اللہ شاہ اور والدہ کے مزاروں پر حاضری دی، والدہ کی برسی میں شرکت

جمعرات 17 جنوری 2019 23:16

عمران خان ملک کے وزیر اعظم ہیں وہ جب چاہیں سندھ میں آ سکتے ہیں
حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان ملک کے وزیر اعظم ہیں وہ جب چاہیں سندھ میں آ سکتے ہیں مگر وزیر اعظم کو سندھ کی ترقی کیلئے آنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھان سید آباد میں پریس کلب کے جنرل سیکریٹری آصف علی میمن سے ان کے چچا حاجی ہارون میمن کے انتقال پر تعزیت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے سپریم کورٹ نے حکم جاری کیا ہے جس کے بعد نام نکالنا چاہیے۔ امید ہے کہ ای سی ایل سے نام نکالا جائیگا مگر ای سی ایل میں میرا نام ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا اگر مجھے کوئی سرکاری دورہ کرنا پڑا تو اس کیلئے مجھے کوئی نہیں روک سکتا۔

(جاری ہے)

میں سرکاری دورے کے علاوہ کبھی بھی باہر نہیں گیا ، عمرے اور حج کیلئے سعودی عرب جاتا ہوں۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم لوکل سطح پر نوکریاں میرٹ کی بنیاد پر دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پی پی پی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری نے دیگر اپوزیشن جماعتوں سے اتحاد عوامی مسائل کے حل کیلئے کیا ہے۔ عوام کی معاشی صورتحال بہتر نہیں ہے، حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے کچھ بھی نہیں کر سکی۔

صرف باتیں نہیں کرنی چاہییں، وفاقی حکومت کو عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے کچھ کرنا ہوگا۔ وفاقی وزراء کو جے آئی ٹی رپورٹ سے متعلق بات کرنے پر پہلے سپریم کورٹ نے روکا تھا اور اب نیب نے روکا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پانی کے مسائل پر سندھ اسمبلی میں تفصیلی بات کی ہے، سندھ کو 1999ء کے معاہدے کے تحت پانی نہیں دیا جاتا، تمام تفصیلات اٹارنی جنرل کی سربراہی میں تشکیل کردہ کمیٹی میں دے چکا ہوں، انکی رپورٹ کا انتظار ہے، اس کی روشنی میں دیکھیں گے۔

اس موقع پر پی پی پی رہنما سید محمد شاہ ، محمد صالح شمن راہپوٹو، محمد سلیم باجاری ، وڈیرو شجاع احمد راہپوٹو سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے والد عبد اللہ شاہ اور والدہ کے مزاروں پر حاضری دی، والدہ کی برسی میں شرکت کی اور مختلف علاقوں میں تعزیت کیلئے بھی گئے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھان سعید آباد میں پریس کلب کے جنرل سیکریٹری آصف علی میمن سے انکے چچا اور شاہد میمن ، محمد علی پپو میمن ، فاروق ، شاہنواز میمن سے انکے والد حاجی محمد ہارون میمن کے انتقال پر تعزیت کی ۔

گوٹھ تالپر میں معزز شخصیت عبد اللہ تالپر سے انکے بیٹے شہباز تالپر کے انتقال پر تعزیت کی جبکہ گوٹھ ویھڑ شریف میں پیر آف ویھڑ شریف پیر شفیق احمد جان ویھڑائی سے انکی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی ۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ گوٹھ واھڑ پہنچے جہاں انہوں نے اپنے والد سابق وزیر اعلیٰ سید عبد اللہ شاہ اور ماں کے مزاروں پر حاضری بھر ی ، پھولوں کی چادر چڑھائی ، دعامانگی اور سی ایم ہاؤس واھڑ میں والد ہ کی برسی کی تقریب میں شرکت کی۔ جس کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ بذریعہ ہیلی کاپٹر کراچی کیلئے روانہ ہو گئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات