Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا نشتر ہسپتال ملتان کا دورہ،

مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا جلد ملتان کے عوام کو نشتر ٹو کا تحفہ دینگے،صحت کا شعبہ اپ گریڈ کرنا اولین ترجیح ہے، جنوبی پنجاب کیلئے علیحدہ پبلک سروس کمیشن کانوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے،عثمان بزدار وزیراعلیٰ سے سرکٹ ہاؤس میں ملتان، ڈیرہ غازی خان اور تونسہ شریف کے عمائدین اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی ملاقات

جمعرات 17 جنوری 2019 23:19

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا نشتر ہسپتال ملتان کا دورہ،
لاہور۔17 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار قادر پور راں میں رکن پنجاب اسمبلی مظہر عباس راں کی نماز جنازہ کے بعدسرکٹ ہاؤس ملتان پہنچے ،جہاں وزیراعلیٰ سے ملتان، ڈیرہ غازی خان اور تونسہ شریف کے عمائدین کے وفد نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جنوبی پنجاب کی پسماندگی دور کرنے کیلئے علیحدہ سب سیکرٹریٹ قائم کیا جا رہا ہے اورسب سیکرٹریٹ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل آئی جی اور مختلف محکموں کے سیکرٹریز تعینات کئے جائیں گے جبکہ جنوبی پنجاب کیلئے علیحدہ پبلک سروس کمیشن قائم کیا جا رہا ہے، اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ملتان،میانوالی روڈ کو دو رویہ تعمیر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈیرہ غازی خان میں سیف سٹی پراجیکٹ کیلئے عمارت کی تعمیر مکمل ہو گئی ہے اور تونسہ شریف بھی اس منصوبے میں شامل ہوگا۔ تونسہ شریف میں کیڈٹ کالج کا سنگ بنیاد آئندہ دورے کے موقع پر رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان اور تونسہ شریف میں انڈسٹریل زون قائم کیا جائے گا۔

تونسہ شریف کی رودکوہی کا پانی ذخیرہ کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور ذخیرہ کئے گئے پانی کو فصلوں کو سیراب کرنے کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ تونسہ شریف میں پینے کے 63 نئے منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں اور 75 غیر فعال واٹر سکیموں کو بحال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تونسہ میں سیوریج کے منصوبوں کیلئے 50 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے عمائدین سے سرائیکی زبان میں گفتگو کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے سرکٹ ہاؤس ملتان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹراختر ملک بھی اس موقع پرموجود تھے۔ملاقات میں جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی کیلئے جاری پروگرامز پرپیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کی خوشحالی کے سفر کی بنیاد رکھ دی گئی ہے اورپسماندہ علاقوں خصوصاً جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے پہلی بار حقیقی معنوں میں کام شروع ہوا ہے۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کو جنوبی پنجاب میں شاندار مینڈیٹ ملا ہے اورہم اس مینڈیٹ کی لاج رکھیں گے۔دریں اثنائ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے نشتر ہسپتال ملتان کابھی دورہ کیا ،وزیراعلیٰ مختلف وارڈز میں گئے اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔وزیراعلی نے ڈائیلسسز،آئی سی یو،میڈیکل وارڈز میں مریضوں کی عیادت کی۔

وزیراعلیٰ نے مریضوں اور ان کے تیمار داروں سے علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں زیرعلاج اپنے ٹیچر نذر تونسوی کی بھی عیادت کی اورانہیں پھول پیش کئے۔وزیراعلیٰ نے ٹیچر نذر تونسوی کی خیریت دریافت کی اورڈاکٹروں سے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے اور مفت ادویات کی عدم دستیابی کے حوالے سے کوئی شکایت سامنے نہیں آنی چاہیے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہاکہ ملتان کے عوام کوجلد نشتر ٹو کا تحفہ دینگے۔صحت کا شعبہ اپ گریڈ کرنا حکومت پنجاب کا اولین مقصد ہے۔انہوں نے کہاکہ تمام ادویات کی فراہمی اور کوالٹی کیلئے خصوصی نظام وضع کیا جارہا ہے۔دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کرنا ہو گا۔ معیاری علاج معالجہ مریضوں کا حق ہے او رہم یہ حق انہیں دیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات