Live Updates

کراچی روشنیوں کا شہر اور ملکی سرمایہ کاری کا مرکز ہے، اس شہر میں امن کا قیام اور اس کے باسیوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے،

ہم موثر قانون سازی کے ذریعے عوامی مسائل کو حل اور ملک کودرپیش چیلنجوں پر قابو پا سکتے ہیں، اراکین سندھ کے موجودہ حالات کو بہتر بنانے کے لیے ایوان میں قانون سازی کے لیے بل پیش کریں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی سے گفتگو

جمعرات 17 جنوری 2019 23:23

کراچی روشنیوں کا شہر اور ملکی سرمایہ کاری کا مرکز ہے، اس شہر میں امن ..
اسلام آباد۔ 17 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کراچی روشنیوں کا شہر اور ملکی سرمایہ کاری کا مرکز ہے، اس شہر میں امن کا قیام اور اس کے باسیوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے، موجودہ حکومت سندھ، حیدر آباد اور صوبے کے دیگر بڑے شہروں میں پانی کی قلت کے خاتمے، عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی اورعوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاوس میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبہ سندھ کے عوام کو درپیش مسائل، قانون سازی اور دیگر پارلیمانی امور پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔

(جاری ہے)

سپیکر نے کہا کہ ملک اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے اور معاشی بحران سمیت کئی چیلینجوں کا سامنا ہے جن پر قابو پانے کے لیے قومی یکجہتی اور اتفاقِ رائے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر ملک میں جمہوری استحکام اور قومی اتحاد اور یکجہتی کے لیے کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ سے پسماندگی کا خاتمہ اور صوبہ سندھ کے عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنا موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ ہم موثر قانون سازی کے ذریعے عوامی مسائل کو حل کر سکتے ہیں اور ملک کودرپیش چیلنجوں پر قابو پا سکتے ہیں۔

انہوں نے اراکین پر زور دیا کہ وہ سندھ کے موجودہ حالات کو بہتر بنانے کے لیے ایوان میں قانون سازی کے لیے بل پیش کریں اور ایوان میں صوبے کی عوام کو درپیش مسائل کو اجاگر کریں۔ انہوں نے عوامی مسائل کے حل کے لیے اراکین کو اپنے علاقوں میں عوام کے ساتھ رابطوں میں اضافے کی ضرورت پر زوردیا۔انہوں نے اراکین کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف قانون سازی اور دیگر امورمیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

اراکین نے اسپیکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بطور سپیکر ان کے غیر جانبدارانہ رویے کو سر اہااور قانون سازی کے عمل میں ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی سربراہی میں موجودہ حکومت ملک کو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے اور عوامی مشکلات کو کم کرنے میں کامیاب ہوگی۔

انہوں نے کراچی کو دوبارہ سے روشنیوں کا شہر بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کوموجودہ پارلیمنٹ سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں اور ہمیں ان توقعات پر پورا اترنے کے لیے سخت محنت سے کام لینا ہو گا۔ انہوں نے کراچی میں امن و امان کے قیام اور عوامی مسائل کے حل کے لیے موجودہ وفاقی حکومت کی کاوشوں کو سراہا۔ اراکین نے سپیکر کو کراچی کی عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے یونیورسٹی، ہسپتال کے قیام اور ٹرانسپورٹ اورنکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے پر زور دیا۔

سپیکر نے اراکین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات کرنے والوں میں صوبہ سند ھ سے تعلق رکھنے والے ممبر ان قومی اسمبلی آفتاب حسین صدیقی، عبداشکور شاد، کیپٹن (ر) جمیل احمد خان، محمد اسلم خان، صائمہ ندیم، نصرت واحد، آفتاب جہانگیر، عطااللہ، محمد نجیب ہارون شامل تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات