سپریم کورٹ نے نجی سکولوں کی جانب سے زائد فیسوں کے حوالے سے کیس کا فیصلہ سنادیا

20 فیصد کمی کے حکم کا اطلاق ملک بھر کے تمام ان نجی سکولوں پر ہوگا، تحریری فیصلہ

جمعرات 17 جنوری 2019 23:23

سپریم کورٹ نے نجی سکولوں کی جانب سے زائد فیسوں کے حوالے سے کیس کا فیصلہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) سپریم کورٹ نے نجی سکولوں کی جانب سے زائد فیسوں کے حوالے سے کیس کا فیصلہ سنادیا ہے اورحکم جاری کیا ہے کہ 5 ہزار سے زائد فیسیں وصول کرنے والے نجی سکول فیسوں میں 20 فیصد کمی کریں ۔ جمعرات کو جا ری کردہ فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ 20 فیصد کمی کے حکم کا اطلاق ملک بھر کے تمام ان نجی سکولوں پر ہوگا جو 5 ہزار سے زائد فیسیں وصول کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم 5 ہزار سے کم فیس وصول کرنے والے نجی تعلیمی ادارے اس فیصلے سے مستثنی ہوں گے،سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں مزید کہا ہے کہ طلباء اور والدین کم فیس جمع کرائیں اور والدین مقررہ وقت پر فیسیں ادا کریں،عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ فیسوں پر کمی سے اسکالر شپس اور اسکول کی سہولیات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، اور نجی سکول مالکان اساتذہ کی تنخواہوں میں کوئی کمی نہیں کریں گے، فیصلے کے مطابق اس ملک میں قانون اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی نہیں کی جاسکتی ، حد یہ ہے کہ نجی سکولوں نے عدالتی حکم کے بارے میں والدین کو تضحیک آمیز خطوط لکھ کران پردبائوڈالا ہے ، تاہم جن اسکولوں نے والدین کوتضحیک آمیز خطوط لکھے ان کو نوٹس جاری کئے جائیں گے کہ متعلقہ سکول مالکان وضاحت کریں کہ کیوں نہ ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے،تحریری فیصلے میں سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کوہدایت کی کہ سکولوں سے قبضے میں لئے گئے ریکارڈ کی کاپیاں کرکے ریکارڈ واپس کیاجائے ۔