کوہاٹ میں ڈی پی اوکی ہدایت پر مندوری میں کھلی کچہری کا انعقاد

جمعرات 17 جنوری 2019 23:33

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کیپٹن(ر)واحد محمود کی خصوصی ہدایت پر ڈی ایس پی لاچی سرکل شیر افسر خان نے علاقہ مندوری میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا ۔ کھلی کچہری میں ایس ایچ او تھانہ لاچی نذر عباس ،مقامی بلدیاتی نمائندوں،علمائے کرام ،عمائدین علاقہ ،میڈیا کے نمائندوں اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

کھلی کچہری میں علاقے کے لوگوں نے انفرادی اور اجتماعی مسائل کھل کر بیان کئے اور مقامی پولیس کیساتھ جرائم کے انسداد ،علاقائی امن ودفاع اور دیگر وابستہ امور میں ہر قسم کی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔عمائدین علاقہ نے پولیس عوام کے مابین دو طرفہ تعاون بڑھانے ،علاقائی سطح پر چھوٹے چھوٹے عوامی تنازعات نمٹانے کیلئے پولیس پبلک لیزان کمیٹیوں کو مزید فعال کرنے اور منشیات،قمار بازی اور ہوائی فائرنگ جیسے دیگر معاشرتی جرائم کی بیخ کنی کیلئے مئوثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔

(جاری ہے)

کھلی کچہری کے دوران شرکاء کی طرف سے پیش کردہ بعض مسائل کے فوری حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کرتے ہوئے ڈی ایس پی لاچی شیر افسر خان نے کہا کہ قانون کی بالادستی ، انسداد جرائم اور عوامی خدمت کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ روایتی تھانہ کلچر اور عوام کیساتھ پولیس کے طرز عمل میں واضح تبدیلی رونما ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن کی بحالی کیلئے پولیس فورس کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے جسکی عالمی برادری بھی معترف ہے ۔انہوں نے کھلی کچہری کے شرکاء پر واضح کردیا عوامی مسائل و مشکلات سے آگاہی حاصل کرنے کیلئے پولیس کی جانب سے کھلی کچہریوں کا بھر پور سلسلہ بھی جاری ہے ۔پولیس کے تمام افسران کے دفاتر اور تھانوں کے دروازے عوام کیلئے ہمہ وقت کھلے رہیں گے جہاں شہریوں کی بلا امتیاز خدمت کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام جرائم کی نشاندہی کریں تو اس پر فوری ایکشن لیا جائے گا اور جرائم پیشہ عناصر کیساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔