اے این پی کے رہنماغلام بلور کا یکہ توت میں آتشزدگی سے متاثرہ علاقے کادورہ

جمعرات 17 جنوری 2019 23:46

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر حاجی غلام احمد بلور نے یکہ توت لکڑ منڈی میں آتشزدگی کے نتیجے میںبڑے پیمانے پر املاک و جائیداد کے نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور ان کی فوری آبادکاری کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

(جاری ہے)

حاجی غلام احمد بلور نے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور سانحے کی صورتحال سے آگاہی حاصل کی ، اے این پی سٹی کے صدر ملک غلام مصطفی ،نیاز مہمند، سید علی شاہ ، اور نور جمال آفریدی بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے ، حاجی غلام احمد بلور نے متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ خاکستر ہونے والی املاک کے متاثرین کی مالی امداد کر کے ان کی داد رسی کی جائے ، انہوں نے متاثرین کو ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ عوام کو سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس سانحہ میں جن لوگوں کا نقصان ہوا ہے ان کی امداد کیلئے ٹھوس ،مؤثر اور یقینی اقدامات کئے جائیں۔