Live Updates

این اے 91 سرگودھا میں دھاندلی ثابت ہوگئی

حلقے کے کل 20 پولنگ اسٹیشنز کے ووٹ ٹیمپر کیے گئے، مذکورہ پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ الیکشن کروانے کا حکم

muhammad ali محمد علی جمعرات 17 جنوری 2019 22:10

این اے 91 سرگودھا میں دھاندلی ثابت ہوگئی
سرگودھا (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 جنوری2019ء) این اے 91 سرگودھا میں دھاندلی ثابت ہوگئی، حلقے کے کل 20 پولنگ اسٹیشنز کے ووٹ ٹیمپر کیے گئے، مذکورہ پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ الیکشن کروانے کا حکم۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر سرگودھا کے حلقہ این اے 91 میں مبینہ دھاندلی کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے دوبارہ گنتی کے دوران پولنگ بیگز کی سیلیں ٹوٹی ہونے اور بیگز غائب ہونے کے معاملے کی تحقیقاتی رپورٹ کا جائزہ مکمل کر لیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ریٹرننگ آفیسر کے انکشاف پر ڈائریکٹر الیکشن کمیشن پنجاب کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ ٹیم نے سرگودھا پہنچ کر مفصل تحقیقات کے ساتھ درجنوں ملازمین سے پوچھ گچھ بھی کی تھی۔

(جاری ہے)

اب بتایا گیا ہے کہ سرگودھا کے حلقہ این اے 91 کے کل 20 پولنگ اسٹیشنز میں دھاندلی کا ہونا ثابت ہوگیا ہے۔ حلقہ این اے 91 کے کل 20 پولنگ اسٹیشنز کے ووٹ ٹیمپر کیے گئے ہیں۔

اس لیے الیکشن کمیشن نے ان 20 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ الیکشن کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ممکنہ طور پر ان پولنگ اسٹیشنز پر فروری میں دوبارہ الیکشن کروایا جائے گا۔ واضح رہے کہ عام انتخابات 2018 کے موقع پر این اے 91 سرگودھا کے حلقے کے عامر سلطان چیمہ منتخب ہوئے تھے۔ بعد ازاں جیت کے ووٹ کا مارجن انتہائی کم ہونے ن لیگی امیدوار ذوالفقار بھٹی نے دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی جس میں وہ صرف 87ووٹوں کی برتری لے کر کامیاب قرار پائے تھے۔

پی ٹی آئی کے عامر سلطان چیمہ کی جانب سے تیسری بار دوبارہ گنتی کی درخواست سپریم کورٹ میں دی گئی جس پر سپریم کورٹ نے دوربارہ گنتی کے احکامات جاری کیے تھے۔ پانچ نومبر 2018 کو دوبارہ گنتی شروع ہوئی۔ 29 نومبر کو سرگودھا کے حلقہ این اے 91 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل مکمل ہو گیا، پی ٹی آئی کے عامر سلطان چیمہ کے ایک لاکھ 7 ہزار 937 اور (ن) لیگ کے ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی کے 1 لاکھ 6 ہزار 651 ووٹ نکلے، اس طرح عامر سلطان چیمہ کو 1286 ووٹوں کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔

تاہم ریٹرننگ آفیسر نے اسے نامکمل نتیجہ قرار دے کر رپورٹ الیکشن کمیشن کو ارسال کر دی تھی۔ ریٹرننگ آفیسر نے واضح کیا تھا کہ 20 پولنگ سٹیشنوں کے تھیلوں کی سیلیں تبدیل شدہ ہیں جبکہ پانچ پولنگ سٹیشنوں کے تھیلے ہی غائب ہیں۔ اب اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچاتے ہوئے دوبارہ الیکشن کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات