سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے ،نواز شریف سے ملاقات کے لیے جیل پہنچ گئے

سابق وزیر اعظم کے صاحبزادے نے جیل میں نواز شریف کی احوال پرسی کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 17 جنوری 2019 22:59

سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے ،نواز شریف سے ملاقات کے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جنوری2019ء) شریف خاندان کے افراد ،رشتہ داروں ،دوست احباب ،پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں نے کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن)کے قائد محمد نواز شریف سے ملاقاتیں کیں، اہل خانہ نواز شریف کی پسند کا کھانا ہمراہ لائے ، حمزہ شہباز ، مریم نواز سمیت پارٹی کے مرکزی رہنمائوں نے نواز شریف سے ملاقات میں مجموعی سیاسی صورتحال ،قانونی معاملات اور پارٹی امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور رہنمائی حاصل کی۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزر یر اعظم محمد نوازشریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ان کی والدہ بیگم شمیم اختر، صاحبزادی مریم نواز، داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر، بھتیجوں حمزہ شہباز، یوسف عباس شریف، عزیز عباس شریف سمیت قریبی رشتہ داروں ،دوست احباب، وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، سابق گورنر سندھ محمد زبیر،اقبال ظفر جھگڑا، امیر مقام، تہمینہ دولتانہ، پرویز ملک، سلیم ضیائ ، انجم عقیل ، طارق فضل چوہدری ، میاں مرغوب ،خواجہ عمران نذیرسمیت اراکین قومی وصوبائی اسمبلی اور کارکنوں نے ملاقات کی اوران سے ان کی صحت بارے دریافت کیا۔

(جاری ہے)

نواز شریف کی والدہ اپنے بیٹے کی درازی عمر اور مشکلات کے حل کیلئے دعائیں دیتی رہیں۔اہل خانہ نواز شریف کی پسند کا کھانا ہمراہ لائے جو سب نے اکٹھے کھایا۔نواز شریف نے پارٹی رہنمائوں سے ہونے والی ملاقاتوں میں ملک کی موجودہ اور مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی جبکہ رہنمائوں نے پارٹی قائد سے بعض امور میں رہنمائی بھی لی۔ذرائع کے مطابق نواز شریف نے مہنگائی او رخصوصاً معیشت کی صورتحال پر اپنی تشویش ظاہر کی اور اس حوالے سے رہنمائوں سے تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز اور حمزہ شہباز سے ملاقات کے دوران بھی سیاسی اور پارٹی امور کے علاوہ کیسز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔تاہم تازہ ترین معلومات کے مطابق آج جس شخصیت نے غیر معمولی طور پر نواز شریف سے ملاقات کی وہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے تھے۔انہوں نے سابق وزیر اعظم سے ملاقات بھی کی اور ان کی صحت کا احوال بھی دریافت کیا۔اس موقع پر سابق وزیر اعظم نے یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے کا شکریہ ادا کیا۔