Live Updates

تحریک انصاف کی حکومت ملکی معیشت کی بحالی کے لیے اہم وموثر اقدامات کر رہی ہے،

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پارلیمانی کو آرڈینیشن ندیم افضل چن کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

جمعہ 18 جنوری 2019 01:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پارلیمانی کو آرڈینیشن ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملکی معیشت کی بحالی کے لیے اہم وموثر اقدامات کر رہی ہے، پی ٹی آئی کی حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو گزشتہ حکمرانوں کی غیر موثر اور ناکام پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت تباہ ہو چکی تھی جسے درست سمت پر گامزن کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے اور موثروکارآمد پالیسیاں اپنائی گئیں تاکہ ملکی معیشت کو مستحکم کیا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کاروباری برادری کے لیے دوستانہ ماحول یقینی بنانے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے اور بہت سے اہم اقدامات بھی اٹھائے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت نے پی آئی اے اور پاکستان سٹیل ملز سمیت تمام قومی اداروں کو برباد کر دیا اور ملکی معیشت خراب کر دی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف معیشت کے بارے میں غلط اور بے بنیاد افواہیں پھیلا رہی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ بہت سی غیر ملکی کمپنیاں جو اپنے ملک واپس چلی گئی تھیں دوبارہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے واپس آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کے اصل ذمہ دار سابق حکمران ہیں جن کی ناکام اور غیر موثر پالیسیوں کی بدولت ملک کو معاشی بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، پی ٹی آئی کی حکومت حالیہ خراب مالی معاملات کی ذمہ دار نہیں ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ملک کی بیمار معیشت کو ٹریک پر لانے کے لیے پانچ یا چھے ماہ ناکافی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوامی مسائل سے بخوبی واقف ہے انہیں حل کرنے کے لیے سنجیدگی سے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک و قوم سے مخلص ہیں جو غریب عام آدمی کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اہم و موثر اقدامات کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کے مقابلے میں موجودہ حکومت گزشتہ 6 ماہ میں بہت بہتر کام کر رہی ہے اور اس دوران آج تک حکومت کے کسی بھی رکن کے خلاف کوئی سکینڈل بھی سامنے نہیں آیا ہے جو موجودہ حکومت کی شفافیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات