انسٹیٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈویلپمنٹ کا کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے نئی حکمت عملی وضع کرنے کا فیصلہ

جمعہ 18 جنوری 2019 12:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) انسانی حقوق امن اور مذہبی ہم آہنگی کیلئے متحرک تنظیم انسٹیٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈویلپمنٹ (انسپاڈ) نے فیصلہ کیا ہے کہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے نئی حکمت عملی وضع کی جائے گی، کشمیر، فلسطین اور دیگر عالمی تنازعات کے حل کیلئے اہم عالمی اداروں کے تعاون سے کام کیا جائے گا، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو ہر پلیٹ فارم پر اجاگر کیا جائے گا، سیفران امن اور عالمی ہم آہنگی کونسل کیلئے مشاورت کے ساتھ نئی پالیسی بنائی جائے گی۔

یہ فیصلے انسپاڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور بورڈ آف گورنرز کے مشترکہ اجلاس میں کئے گئے جس کے مہمان خصوصی انسپاڈ کے بورڈ آف گوررز کے چیئرمین اور نامور ماہر عالمی امور ڈاکٹر خورشید احمد چوہدری یو کے تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کی صدارت صدر انسپاڈ سفیر امن سردار محمد طاہر تبسم نے کی۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر خورشید چوہدری نے خطاب میں کہا کہ عالمی حالات میں مذہبی بقائے باہمی، سماجی انصاف اور قیام امن کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے جس کیلئے نئے جذبوں نئے اقدام اور نوجوان نسل کو متحرک کرنے کی فوری ضرورت ہے، آزادی کشمیر کیلئے تین نسلیں قربان ہو چکی ہیں اور یہ مسئلہ تین دہائیوں سے اقوام متحدہ میں لٹکا ہوا ہے جس کیلئے حکومتوں پر انحصار کی بجائے کشمیریوں کو جو اصل اور حقیقی فریق ہیں، پر اعتماد کرکے انہیں آگے لایا جائے۔

اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمہ میں مسلح افواج کے جرأت مندانہ کردار اور ان کی بیش قیمت قربانیوں کو سراہا گیا اور مقبوضہ کشمیر کی سیاسی و مذہبی قیادت اور عوام کے ساتھ کامل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں اکبر حسین اکبر، جاوید اکرام، ملک خالد، خورشید خان، کشور عقیل، کرنل (ر) سردار محمد الیاس، راجہ ضیاء الرحمن بابر اور سیکرٹری جنرل ثاقب احمد انصاری ایڈووکیٹ نے شرکت کی۔