بلوچستان میں بارش برسانے والا نیا سسٹم داخل ، صوبے کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان

ملک کے اکثر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہا ، پنجاب کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں مزید کمی ، ٹھنڈ بڑھ گئی بکروٹ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، محکمہ موسمیات

جمعہ 18 جنوری 2019 13:30

بلوچستان میں بارش برسانے والا نیا سسٹم داخل ، صوبے کے مختلف علاقوں ..
کوئٹہ /اسلام آباد/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2019ء) بلوچستان میں بارش برسانے والا ایک نیا سسٹم داخل ہوگیا، کوئٹہ، پشین، مستونگ، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، شیرانی، موسی خیل، ژوب میں ہلکی بارش کیساتھ ساتھ پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے جبکہ ملک کے اکثر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہا ، پنجاب کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں مزید کمی ہوگئی اور ٹھنڈ بڑھ گئی ہے ، بکروٹ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔

جمعہ کو ڈائریکٹر موسمیات بلوچستان عظمت حیات نے کہا کہ مغربی ہوائوں کا بارش برسانے والا سسٹم 18 جنوری کو بلوچستان میں داخل ہوچکا ہے اور بادل صوبے کے مختلف علاقوں تک پہنچ گئے ہیں ۔بادلوں کے اس سسٹم کے باعث کوئٹہ، پشین، مستونگ، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، شیرانی، موسی خیل، ژوب، زیارت اور آواران میں بارش کا امکان ہے جبکہ زیارت ،قلعہ عبداللہ ،پشین اور کوئٹہ کے پہاڑوں پر برف باری کا بھی امکان ہے۔

(جاری ہے)

بارش اور برف باری کا یہ سسٹم تین روز تک بلوچستان کے مختلف مقامات پر اثر انداز ہوگا، ژوب کے کچھ مقامات پر تیز بارش سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی پیدا ہوسکتا ہے ۔ادھر ملک کے اکثر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہا ، پنجاب کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں مزید کمی ہو ئی اورٹھنڈ بڑھ گئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کا سب سے سرد مقام بگروٹ رہا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوہاٹ، مالا کنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ا سکردو اور کالام میں منفی 10، گوپس میں منفی 9، استور میں منفی 8، مالام جبہ میں منفی 5، ہنزہ اور دیر میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی میں درجہ حرارت 15، لاہور اور پشاور میں 2، کوئٹہ اورفیصل آباد میں صفر، مظفر آباد میں ایک، ملتان میں 5اور حیدرآباد میں کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ادھر پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں دھند پڑنے کا امکان ہے، پنجاب کے ضلع شکرگڑھ اور گردونواح میں شدید دھند ہے، جس سے حد نگا انتہائی کم ہوگئی ہے۔صحرائے تھر میں چلنے والی سرد ہوائوں نے سردی کی شدت میں مزید اضافہ کر دیا ہے، سردی بڑھنے کے ساتھ علاقہ مکینوں کی مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں۔