آئی سکین سسٹم کی ترویج کے لئے کوشش کی جارہی ہے، حتمی وقت نہیں دیا جاسکتا، وزیر مملکت علی محمد خان کا قومی اسمبلی میں جواب

جمعہ 18 جنوری 2019 14:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ نادرا شناختی کارڈز، بنکوں اور موبائل فون سموں کے لئے غیر واضح انگوٹھوں کے نشانات کے متبادل کے طور پر صرف آئی سکین سسٹم نظام ہے جو فی الوقت دستیاب نہیں ہے تاہم ایسے افراد کی شناخت فیس سکین سسٹم کے تحت کی جاتی ہے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں مسز فرخ خان کے نادرا شناختی کارڈز‘ موبائل فون سموں اور بنک اکائونٹس کے لئے غیر واضح انگوٹھوں کے نشانات کے حوالے سے بعض لوگوں کو درپیش مشکلات اور آئی سکین سسٹم کی عدم موجودگی کے بارے میں توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ جن لوگوں کے پیدائشی یا عمر زیادہ ہونے کی وجہ سے انگوٹھوں کے نشانات نہیں ہوتے ان کے لئے ویب سائٹ پر تصدیقی نظام موجود ہے۔

(جاری ہے)

ہر نادرا سنٹر میں یہ ویریفیکشن سسٹم بھی فراہم کیا گیا ہے تاہم اس کا متبادل آئی سکین سسٹم ہی ہے جو فی الوقت ہمارے پاس دستیاب نہیں۔ اس نظام کی ترویج کے لئے کوشش کی جارہی ہے تاہم اس کے لئے کوئی حتمی وقت نہیں دیا جاسکتا۔ توجہ مبذول نوٹس پر مسز فرخ خان‘ عظمیٰ ریاض اور فوزیہ بہرام کے سوالات کے جواب میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ جن لوگوں کے انگوٹھوں کے نشانات نہیں ہوتے ان کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کا ایک فیصلہ بھی موجود ہے کہ ایسے لوگوں کی شناخت کے لئے متبادل نظام رائج کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس مشکل کا واحد حل آئی سکین سسٹم ہے جو ہمارے پاس فی الوقت دستیاب نہیں ہے۔ تاہم ایسے لوگوں کی شناخت کے لئے فیس سکین سسٹم جیسا نظام استعمال کیا جاتا ہے۔