ٹیم انتظامیہ اور بورڈ پر چیمپئنز ٹرافی کی جیت کا طویل خمار ٹیسٹ میچز میں زوال کی اہم وجہ :راشد لطیف

نامناسب تیاری کے باعث بھی گرین کیپس کو ٹیسٹ میچز میں شکست ہوئی :سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 18 جنوری 2019 14:36

ٹیم انتظامیہ اور بورڈ پر چیمپئنز ٹرافی کی جیت کا طویل خمار ٹیسٹ میچز ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جنوری2019ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز راشد لطیف نے ٹیسٹ میچوں میں پاکستانی ٹیم کے زوال کا سبب نامناسب تیاری کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم انتظامیہ اور بورڈ پر چیمپئنز ٹرافی کی جیت کا طویل خمار اور اس کے نتیجے میں سامنے آنے والا رویہ بھی پانچ روزہ کرکٹ میں تباہی کا باعث بن گیا۔واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے بعد قومی ٹیم 13میں سے آٹھ ٹیسٹ میچز ہار چکی ہے جبکہ اسے محض چار کامیابیاں مل سکیں اور راشد لطیف کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کی تیاری درست انداز سے نہیں کی جا سکی۔

انہوں نے اظہرعلی کی پہلے ٹیسٹ میں چوتھے نمبر پر بیٹنگ اور پھر دوسرے ٹیسٹ میں تیسری پوزیشن پر واپسی کے ساتھ فخرزمان کی چھٹے نمبر پر منتقلی کو تیاریوں کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیلنجنگ ٹور پر قومی ٹیم کی مڈل آرڈر بیٹنگ ہی مستحکم نہیں تھی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ عثمان صلاح الدین اور سعد علی کو ابھارنے کے بعد سائیڈ لائن کردیا گیا جبکہ فاسٹ باﺅلر میر حمزہ کو بھی جنوبی افریقی دورے کیلئے ڈراپ کردیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ تیسرے ٹیسٹ میں ہی قومی ٹیم انتظامیہ کی توجہ ون ڈے سیریز پر مرکوز ہو چکی تھی جس کے تحت شاداب خان اور فہیم اشرف کو ٹیسٹ الیون میں جگہ دے دی گئی جبکہ ون ڈے ٹیم میں شان مسعود کی واپسی بھی عجیب فیصلہ دکھائی دیتا ہے۔سابق کپتان کے مطابق کوئی شک نہیں کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچز میں شان مسعود کی کارکردگی لاجواب رہی لیکن یہ اس بات کی ضمانت نہیں کہ انہیں ون ڈے میچوں کیلئے بھی قابل غور سمجھا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ناکامی کا سارا بوجھ سرفراز احمد پر نہیں ڈالا جا سکتا لیکن ان کی ان کی قائدانہ استعداد بھی درست نہیں تھی اور موجودہ حالات میں کچھ بھی کرنے سے ٹیسٹ کی مشکلات کم نہیں ہوں گی کیونکہ ڈومیسٹک کے بہتر کھلاڑی مستقبل کیلئے تیار ہی نہیں کئے جا رہے اور وہی پلیئرز آزمائے جا رہے ہیں جو سلیکٹرز یا ٹیم انتظامیہ کی نگاہ میں بہتر ہیں۔ 

متعلقہ عنوان :