Live Updates

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کا ساتھی ججز کے اعزاز میں ظہرانہ

غیر ملکی مہمان اور سابق چیف جسٹس بھی شریک، سکیورٹی سخت کر دی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 18 جنوری 2019 14:55

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کا ساتھی ججز کے اعزاز میں ظہرانہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جنوری 2019ء) : جسٹس آصف سعید کھوسہ نے آج صبح پاکستان کے 26 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اُٹھایا۔ جس کے بعد انہوں نے ساتھی ججز کے اعزاز میں ایک ظہرانے کا انعقاد کیا ۔ ظہرانے کی اس تقریب میں غیر ملکی مہمان اور سابق چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار بھی شریک ہیں۔ نئے چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی رہائش گاہ کے باہر بھی ان کو مبارکباد پیش کرنے والے لوگوں کا کافی رش ہے جس کی وجہ سے سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے ۔

یاد رہے کہ آج صبح جسٹس آصف سعید کھوسہ نے پاکستان کے 26 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اُٹھایا۔جسٹس آصف سعید کھوسہ کی بطور چیف جسٹس حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس آصف سعید کھوسہ سے حلف لیا۔

(جاری ہے)

حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان ، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چئیرمین سینیٹ، سپریم کورٹ کے موجودہ، سابق ججز ، مختلف ممالک کے عدالتی نظام میں اہم عہدوں پر فائز غیر ملکیوں نے بھی شرکت کی۔

ترک سپریم کورٹ کے صدر جسٹس نارین فردی، ناردرن سائپریس عدالت کے صدر جسٹس قاشم نائیجریا بورنو کے جسٹس بی مارولوکر اور بھارتی سپریم کورٹ کے سابق صدر اور سینئرجج مادان بیماراؤ بھی جسٹس آصف سعید کھوسہ کی حلف برداری تقریب میں شریک تھے۔ تقریب حلف برداری کے بعد چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کو سپریم کورٹ پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی جسٹس آصف سعید کھوسہ کے بطور چیف جسٹس تقرر کی سمری پر پہلے ہی دستخط کر چکے تھے جس کے بعد آج صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس آصف سعید کھوسہ سے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا ۔

پاکستان کے 26 ویں چیف جسٹس جسٹس آصف سعید خان کھوسہ 20 دسمبر 2019ء کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہو جائیں گے، جس کے بعد جسٹس گلزار احمد چیف جسٹس کے عہدے پر فائز ہوں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات