Live Updates

پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت مختلف منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت ہے، سی پیک منصوبہ جات کی جلد تکمیل پاکستان کے مفاد میں ہے، سی پیک ایڈوائزری کونسل قائم کی جائے گی

وزیراعظم عمران خان کا سی پیک منصوبہ جات پر پیشرفت کے جائزہ اجلاس سے خطاب

جمعہ 18 جنوری 2019 15:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) وزیراعظم عمران خان نے پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت مختلف منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ جات کی جلد تکمیل پاکستان کے مفاد میں ہے، ان سے عوام کیلئے وسیع سماجی و اقتصادی مواقع پیدا ہوں گے جبکہ فیصلہ کیا گیا کہ سی پیک ایڈوائزری کونسل قائم کی جائے گی۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کو سی پیک منصوبہ جات پر پیشرفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس کے دوران صنعتی ترقی، خصوصی اقتصادی زونز، ایم ایل۔1 منصوبہ، زرعی، سماجی و اقتصادی ترقی، بنیادی ڈھانچہ اور گوادر کی ترقی کے شعبہ جات میں پاک۔چین تعاون پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے عوام کو غربت کے چنگل سے نکالنے کیلئے چین کے تجربہ سے بہت استفادہ کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صنعتی اور زرعی شعبوں میں پاک۔چین تعاون ملک کے ان شعبوں میں صلاحیت کو عملی جامہ پہنانے میں معاون ہو سکتا ہے۔ وزیراعظم نے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ کو ہدایت کی کہ خصوصی اقتصادی زونز کی جلد ترقی کے بارے جامع سفارشات چار ہفتوں کے اندر پیش کی جائیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سی پیک ایڈوائزری کونسل قائم کی جائے گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلہ میں صنعتی تعاون پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ وزیراعظم نے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ کو ہدایت کی کہ اس اہم مرحلہ پر آگے بڑھتے ہوئے کردار ادا کریں کیونکہ چین سے بہت زیادہ نجی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات