زرعی سائنسدانوں کو چھوٹے کاشتکاروں کی فی ایکڑ زرعی پیداوار میںاضافہ یقینی بنانے کیلئے فصلوں کا ٹیکنالوجی پیکج تیار کرنے کی ہدایت

جمعہ 18 جنوری 2019 15:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) :پنجاب کے زرعی سائنسدانوں کو چھوٹے کاشتکاروں کی فی ایکڑ زرعی پیداوار میںاضافہ یقینی بنانے کیلئے علاقائی بنیادوں پر فصلوں کا ٹیکنالوجی پیکج تیار کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ زرعی سائنسدان فصلوں کی اقسام بلحاظ علاقہ تیار کریں تاکہ مقامی موسمی حالات کے مطابق زیادہ پیداوار حاصل کرنے سمیت کاشتکاروں کی آمدنی میں اضافہ کرتے ہوئے انہیں خوشحال اور ملک کو زرعی اجناس میں خود کفیل بنانے میں مدد مل سکے ۔

محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا کہ زرعی تحقیق کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے تاکہ نئی اقسام کی جلد تیاری کو ممکن بنایا جا سکے ۔انہوں نے سبز انقلاب کے بارے میں بتایا کہ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ کے سائنسدانوں نے ماضی میں سبز انقلاب برپا کیا تھا جس کے اثرات پوری دنیا تک پہنچے تھے اور اب ہمیں ایک اور سبز انقلاب کی ضرورت ہے تاکہ بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ زرعی اجناس کی برآمد سے ملک کے لیے کثیر زرمبادلہ بھی کمایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے موسمی تغیرات کے حوالے سے بتایا کہ گلوبل وارمنگ کے باعث پاکستان میں درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے جس کا مقابلہ کرنے کے لیے گندم کی ایسی اقسام تیار کی جارہی ہیں جو زیادہ گرمی کو برداشت کرنے کے ساتھ کم پانی کے استعمال سے فی ایکڑ زیادہ پیداوار دے سکیںگی۔ انہوں نے بتایا کہ گندم اور اس کی مختلف مصنوعات کا ملکی جی ڈی پی میں حصہ 2.2 فیصد ہے ۔انہوںنے کہاکہ امسال پنجاب میں گندم کا پیداواری ہدف 1.95ملین ٹن مقرر کیا گیا ہے جو زرعی سائنسدانوں اور کاشتکاروں کی مشترکہ کاوشوں سے بآسانی حاصل کرلیا جائے گا۔