وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد کی کھلی کچہری کا انعقاد پولیس ڈیپارٹمنٹ سے متعلقہ شکایات پیش، مختلف ضلعی محکموں کے متعلق شکایات سن کر ان کے ازالہ کیلئے ہدایات جاری

جمعہ 18 جنوری 2019 16:40

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد غلام محمود ڈوگر نے جمعہ کی سہ پہر آر پی اوآفس فیصل آباد میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں زیادہ تر پولیس ڈیپارٹمنٹ سے متعلقہ شکایات پیش کیں گئیں۔ ریجنل پولیس آفیسر نے متعلقہ ایس پیز کو موقع پر ہی ضروری ہدایا ت جاری کیں اور شکائت کنند گان و درخواست دہندگان کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کا حکم دیا۔

انہوںنے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا ویژن ہے کہ عوام کے مسائل فوری طور پر ان کی دہلیز پر ہی حل کئے جائیں اور ان کی مشکلات کا ازالہ کرتے ہوئے فوری ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوںنے کہا کہ حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی اسی سلسلہ کی کڑی ہے جس کے تحت ہر ضلعی محکمہ کے سربراہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روزانہ صبح 10سے 12بجے تک اپنے دفتر میں موجود رہ کر دفتر کے دروازے ہر صارف و شہری کیلئے کھلے رکھیں تاکہ وہ بلا روک ٹوک اپنی مشکلات کے حل ، مسائل کے تدارک اور زیادتیوں کے ازالہ کیلئے ان سے براہ راست فور ی رابطہ کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پہلی بار نہ صرف اوپن ڈور پالیسی کی بھر پور مانیٹرنگ کی جا رہی ہے بلکہ اس دوران عوام کی شکایات کے ازالہ کا فیڈ بیک بھی حاصل کیا جا رہا ہے تاکہ اوپن ڈور پالیسی اور کھلی کچہریاں صرف نمود و نمائش کی حد تک ہی نہ رہیں بلکہ ان سے عملی فائدہ بھی حاصل کیا جا سکے۔انہوںنے بعض افسران و اہلکاران کی کار کردگی پر عدم اطمینان کا بھی اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنی پر فارمنس فوری بہتر بنانے کی ہدائت کی۔اس موقع پر شہریوں نے کھلی کچہری کے انعقاد پر ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد کا شکریہ ادا کیا۔