میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد اور سی ڈی اے نے غیر قانونی سروس سٹیشنز کے خلاف کریک ڈائون کیلئے لائحہ عمل تیار کرلیا

جمعہ 18 جنوری 2019 16:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد اور سی ڈی اے نے غیر قانونی سروس سٹیشنز کے خلاف کریک ڈائون کیلئے لائحہ عمل تیار کرلیا، مرحلہ وار کارروائی کیلئے وفاقی دارالحکومت کو چار زونز میں تقسیم کیا گیا ہے جس کے تحت بغیر منظوری کے سروس سٹیشنز کو سربمہر کیا جائے گا۔ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر سپلائی عرفان علی کھوکھر نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ ایم سی آئی بغیر این او سی کام کرنے والے سروس سٹیشنز کو پہلے ہی نوٹس جاری کرچکی ہے جس میں انہیں تین روز کی مہلت دی گئی تھی کہ تمام غیر قانونی سروس سٹیشن بند کردیں بصورت دیگر ان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ منظور شدہ سروس سٹیشن مالکان کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ فوری طور پر واٹر ری سائیکل سسٹم نصب کریں تاکہ پانی کے ضیاع کو روکا جاسکے۔

(جاری ہے)

ایم سی آئی ذرائع نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ یہ مہلت ختم ہوچکی ہے۔ اس دوران چند ایک سروس سٹیشن مالکان نے منظوری کیلئے درخواست بھی دی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ آئندہ ہفتہ سے چاروں زونز میں کریک ڈائون کا آغاز ہوگا اور غیر قانونی سروس سٹیشن کو سربمہر کرنے کے علاوہ ان کے چالان بھی کئے جائیں گے اور واٹر کنکشن منقطع کئے جائیں گے تاکہ اس غیر قانونی کاروبار کے ذریعے پانی کے ضیاع کو روکا جا سکے۔

ذرائع نے بتایا کہ ری سائیکل سسٹم نصب نہ کرنے والے سروس سٹیشنز کے خلاف بھی کریک ڈائون کریں گے اور ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد پانی کے ضیاع کو روکنا ہے اور نظرثانی شدہ قواعد کے تحت سروس سٹیشنوں کو ریگولرائز کیا جائے گا۔