راولاکوٹ میں دیرینہ مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا

صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان کی راولاکوٹ کے وفد سے گفتگو

جمعہ 18 جنوری 2019 16:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ راولاکوٹ میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت تمام دیرینہ مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا، شہر کو صاف ستھرا اور آلودگی سے پاک بنا کر سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنانے کیلئے میونسپل کارپوریشن سمیت تمام متعلقہ اداروں کی استعداد کار کو بڑ ھانے اور ان اداروں کو درپیش مالی اور انتظامی مسائل حل کرنے پر بھرپور توجہ دی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولاکوٹ میونسپل کمیٹی کے ایڈمنسٹریٹر سردار ذاکر شیر افضل خان اور مسلم لیگ (ن) راولاکوٹ کے جنرل سیکرٹری مرتضیٰ صادق پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ایوان صدر مظفرآباد میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ راولاکوٹ میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے 4 سو ملین لاگت سے ایک بڑے منصوبے پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا جبکہ شہر کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک رکھنے کیلئے میونسپل کارپوریشن کو مزید افرادی قوت کی فراہمی سمیت کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے جیسے مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

قبل ازیں صدر ریاست سے بات چیت کرتے ہوئے وفد نے بتایا کہ گریٹر واٹر سپلائی سکیم راولاکوٹ کی منظوری کے باوجود ابھی تک منصوبے پر تعمیراتی کام کا آغاز نہیں ہو سکا جس کیلئے متعلقہ محکمہ جات کو ہدایت کی جائے تاکہ راولاکوٹ کے شہریوں کا یہ دیر ینہ مطالبہ پور ا کیا جا سکے اور پانی کے حوالہ سے شہریوں کے مسائل میں کمی لائی جا سکے۔ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن نے راولاکوٹ میںکوڑا کرکٹ کو اٹھانے کیلئے گاڑیوں کی فراہمی اور آتشز دگی کی صورت میںکسی بھی مہنگائی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فائر ٹینکرز کی خریداری کیلئے فنڈز کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

وفد نے راولاکوٹ میونسپل کارپوریشن میں سینٹری ورکرز اور دوسرے انتظامی عملہ کی کمی کو پورا کرنے، پینے کے پانی کو صاف کرنے کیلئے فلٹریشن پلانٹ، شہر کے مختلف پوائنٹس پر ڈسٹ بینز اور سولر سسٹم کے ذریعے اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی کے علاوہ غازمی ملت شاہراہ پر افسر مارکیٹ کے قریب برساتی نالے پر بند کی تعمیر کے معاملات بھی اٹھائے۔ صدر آزاد کشمیر نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے راولاکوٹ سمیت تمام علاقوں کے مسائل کو ترجیح بنیاد وں پر حل کرنے کی کوشش کرے گی اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی غفلت نہیں برتی جائے گی ۔

صدر سردار مسعود خان نے مزید کہا کہ آنے والے سالوں میں راولاکوٹ ایک اہم سیاحتی مرکز بن جائے گا جس کیلئے ابھی سے منصوبہ بندی ہونی چاہئے تاکہ شہر میں آنے والے سیاحوں کو نہ صرف بہترین سہولتیں ملیں بلکہ علاقے کے عوام کو بھی بھرپور معاشی فوائد حاصل ہوں۔ صدر آزاد کشمیر نے بلدیہ راولاکوٹ کی طرف سے یکم فروری سے صفائی مہم شروع کرنے اور شہر کی تجاوزات سے پاک کرنے کیلئے فیصلے کو سراہاتے ہوئے شہریان راولاکوٹ، طلباء، اساتذہ اور تاجران سے کہا کہ وہ مہم کے دوران بلدیہ کے ذمہ داروں کے ساتھ بھرپور تعاون کرکے اپنے شہر کو خوبصورت اور صاف ستھرا بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

دریں اثناء صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے آزاد جموں و کشمیر کے محتسب کے فیصلہ جات کے خلاف دائر مختلف اپیلوں کی سماعتیں بھی کیں۔