کوہاٹ ،رواں مالی سال کیلئے 60کروڑ روپے کی خطیر لاگت کے درجنوں ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی گئی

جمعہ 18 جنوری 2019 17:20

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2019ء) کوہاٹ میں رواں مالی سال کے لئے تقریباً 60کروڑ روپے کی خطیر لاگت کے درجنوں ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔اس ضمن میں جمعہ کے روز مشیر تعلیم اور ضلعی ترقیاتی مشاورتی کمیٹی کے چیئرمین ضیاء اللہ بنگش کی زیرصدارت ایک اجلاس منعقدہوا جس میں ضلع کونسل کوہاٹ کے ناظم نسیم آفریدی‘ فنانس اینڈ پلاننگ آفیسر سمیع الرحمن سمیت قومی تعمیرنو محکموں کے متعلقہ حکام موجود تھے۔

جاری سرکاری بیان کے مطابق کوہاٹ کے تینوں حلقوں میں مختلف شعبوں میںسالانہ ترقیاتی پروگرام2018-19 کے تحت درجنوں ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی جس پر مجموعی طورپر ساٹھ کروڑ روپے لاگت آئے گی جبکہ متعلقہ حکام کو اگلے اجلاس کے لئے بچت رقم کے مجوزہ منصوبوں کے پی سی ون تیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مختلف شعبوں سے ایک ایک منصوبے کی منظوری دی گئی اور متعلقہ محکموں کو ڈیڈلائن کے ساتھ ان منصوبوں کی تکمیل کی ذمہ داری دی گئی۔

اجلاس میں گھریلو صارفین کے کم گیس پریشر اور پیک آورز میں سی این جی سٹیشنز کی بندش کا مسئلہ بھی زیرغورآیا ۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ اس مسئلے کے فوری حل کے لئے انتظامیہ‘ گیس حکام اور ماہرین پر مشتمل دس رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اس مسئلہ کا فوری حل نکالے گی ۔اجلاس میں پیسکو کو مکمل شدہ ٹیوب ویلوں کو پندرہ روز کے اند اندر بجلی فراہم کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی ترقیاتی مشاورتی کمیٹی کے چیئرمین ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ کوہاٹ میں بیوٹیفیکیشن کا منصوبہ پائپ لائن میں ہے جبکہ گورنر خیبرپختونخواہ کے ’فرٹ فار آل‘ منصوبے کو بھی کوہاٹ تک توسیع دی گئی ہے اور امکان ہے کہ گورنر خودیہاں اس منصوبے کا افتتاح کریں گے۔بنگش نے کہا کہ قومی خزانے کے ایک ایک پائی کی منصفانہ اور صحیح استعمال یقینی بنائی جائے گی اور منصوبوں کی مدت تکمیل اور معیار پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔