Live Updates

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس‘ پاک۔چین اقتصادی راہداری پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا

سی پیک کے قلیل اور طویل مدتی مرحلہ کیلئے اہداف مقرر، ترجیحی خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی کیلئے نظام الاوقات کو حتمی شکل دی گئی

جمعہ 18 جنوری 2019 17:47

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس‘ پاک۔چین اقتصادی راہداری پر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) پاکستان نے صنعت، زراعت، سماجی و اقتصادی اور گوادر کی ترقی کے شعبوں میں تعاون پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پاک۔چین اقتصادی راہداری کے قلیل اور طویل مدتی مرحلہ کیلئے اہداف مقرر کر دیئے ہیں۔ اس سلسلہ میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت جمعہ کو اجلاس منعقد ہوا جس میں پاک۔چین اقتصادی راہداری پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے اجلاس کے شرکاء کو 8ویں سی پیک مشترکہ تعاون کمیٹی کے اجلاس کے نتائج اور منصوبوں پر پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا۔ اجلاس میں صنعتی تعاون، سماجی، اقتصادی اور زرعی شعبہ کی ترقی کے عرصہ کا مرحلہ کے طور پر تعین کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ترجیحی خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی کیلئے نظام الاوقات کو حتمی شکل دی گئی تاکہ 2019ء کی پہلی ششماہی میں سنگ بنیاد کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیراعظم نے اس سال چینی سرمایہ کاروں کے دوروں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لانے، پاکستان کی ٹیکس پالیسیوں کے بارے میں سرمایہ کاروں میں آگاہی کو فروغ دینے، خصوصی اقتصادی زونز کی مارکیٹنگ اور کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کی ہدایت کی۔ خصوصی اقتصادی زونز کیلئے یوٹیلیٹیز کی فراہمی کے بارے میں مقررہ مدت کی حامل پالیسی جلد از جلد وضع کرنے کی ہدایت کی گئی۔

ادویہ سازی، آئرن اور سٹیل، فوڈ اینڈ ایگریکلچر کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے فروغ کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے نجی شعبہ کے ساتھ رابطہ رکھنے کیلئے ممتاز پاکستانی کاروباری ایگزیکٹوز پر مشتمل سی پیک بزنس ایڈوائزری کونسل بھی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ مغربی روٹ کی ترقی کی ترجیح کے ساتھ راہداری کی ترقی جاری رہنی چاہئے۔

اس بات پر زور دیا گیا کہ بنیادی ڈھانچہ کی ترقی عملیت پسندی اور مناسب مالیاتی ذمہ داری کی پالیسی کی متقاضی ہے، اسی جذبہ کے تحت منصوبہ بندی، ریلوے اور خزانہ کے وزراء پر مشتمل اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی گئی تاکہ سی پیک کے تزویراتی منصوبے پاکستان ریلوے ایم ایل ون کے بارے میں طریقہ کار کو حتمی شکل دی جا سکے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان کی جانب سے زرعی شعبہ کے فروغ کے روڈ میپ کو حتمی شکل دی جانی چاہئے، چینی کمپنیوں کو دعوت دی جائے کہ وہ اس شعبہ میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سمارٹ پورٹ سٹی کی حیثیت سے گوادر کی ترقی کی منصوبہ بندی کی جائے تاکہ اسے نقل و حمل اور پیٹرو کیمیکل کا محور بنایا جا سکے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات