نیب اسکول ہیڈ ماسٹرکیخلاف 2 ہفتے میں انکوائری مکمل کرے، سندھ ہائیکورٹ

نیب کا بس چلے تو قبرسے بھی لوگ نکال کرانکوائری کرے، دوران سماعت جسٹس عمرسیال کے ریمارکس

جمعہ 18 جنوری 2019 17:55

نیب اسکول ہیڈ ماسٹرکیخلاف 2 ہفتے میں انکوائری مکمل کرے، سندھ ہائیکورٹ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2019ء) سندھ ہائی کورٹ نے دو سال ہونے کے باوجود اسکول ہیڈ ماسٹر عبدالحفیظ کے خلاف نیب کی انکوائری مکمل نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ نیب کا بس چلے تو قبرسے بھی لوگ نکال کرانکوائری کرے۔جمعہ کوسندھ ہائی کورٹ میں ہیڈ ماسٹرعبدالحفیظ کی قبل ازگرفتاری درخواست ضمانت پرسماعت ہوئی۔

سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس عمر سیال نے انکوائری مکمل نہ کرنے پر نیب کے تفتیشی افسر کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ 2 سال ہوگئے انکوائری مکمل نہیں ہورہی۔درخواست گزار عبدالحفیظ نے کہا کہ میرے خلاف اینٹی کرپشن کی انکوائری پہلے سے ہی چل رہی ہے، دو سال جیل میں بھی رہا لیکن انکوائری مکمل نہیں ہوئی، اب نیب بھی انکوائری کر رہا ہے، نوٹس پر نوٹس دیئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر سے مکالمہ کرتے ہوئے استفسار کیا کہ جب اینٹی کرپشن کی انکوائری چل رہی ہے تو آپ کیوں انکوائری کر رہیں ہیں ۔نیب افسر نے استدعا کی کہ ملزم ہیڈ ماسٹر ہیں، ان کے خلاف 56 ملین کے غیر قانونی اثاثے بنانے کا الزام ہے، معاملہ اینٹی کرپشن سے بڑا ہے،اینٹی کرپشن کی انکوائری مکمل ہمارے حوالے کی جائے۔عدالت نے حکم دیا کہ کوئی ضرورت نہیں، آپ اپنی انکوائری دو ہفتوں میں مکمل کریں۔

جسٹس عمرسیال نے ریمارکس دیئے کہ کسی شریف انسان کوکال اپ نوٹس دے کرخود سکون سے بیٹھ جاتے ہو، آپ کا بس چلے توقبرسے بھی لوگ نکال کرانکوائری کریں۔عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر کو کہا کہ لکھ کردیں ہرصورت میں 2 ہفتے تک انکوائری مکمل کریں گے۔واضح رہے کہ عبدالحفیظ ضلع شکار پور کے گاوں دریا خان کے سرکاری اسکول میں ہیڈ ماسٹر ہیں۔

متعلقہ عنوان :