آرامکو روسی گیس منصوبے کے حصص خریدے گی ،سعودی وزیرتوانائی

حصص کی خریداری کی قیمت اور دیگر شرائط پرفی الحال اتفاق نہیں ہوا،خالد الفالح

جمعہ 18 جنوری 2019 18:03

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2019ء) روس کے خود مختار دولت فنڈ (آر ڈی آئی ایف )نے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ سرمایہ کاری کے منصوبوں میں نمایاں اضافہ کرنا چاہتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات آر ڈی آئی ایف کے سربراہ کیریل دمتریف نے کہی ۔انھوں نے سعودی دارالحکومت الریاض میں سعودی وزیر توانائی خالد الفالح اور دوسرے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی اور ان سے تیل صاف کرنے ، پیٹروکیمیکلز ، گیس کیمیکلز اور آئیل فیلڈ سروسز سمیت توانائی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔

(جاری ہے)

خالد الفالح نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی آرامکو روس کے مائع قدرتی گیس ( ایل این جی) کے منصوبے کے حصص کی خریداری میں سنجیدہ ہے لیکن ابھی اس کی قیمت اور دیگر شرائط پر اتفاق نہیں ہوا ۔روسی فنڈ نے گذشتہ ماہ کہا تھا کہ وہ نوواٹیک کے آرکٹک ایل این جی منصوبے میں سعودی آرامکو کے ساتھ مل کر سرمایہ کاری پر غور کررہا ہے۔اس حوالے سے ایک اور خبر یہ ہے کہ روس کے وزیر توانائی الیگزینڈر نوواک نے ایک بیان میں کہا کہ وہ سوئٹزر لینڈ کے شہر ڈیووس میں آیندہ ہفتے منعقد ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر خالد الفالح سے ملاقات کریں گے۔