مشترکہ حریت قیادت کی شہدائے گائوکدل ، ہندواڑہ اور کپواڑہ کی برسیوں کے موقع پر 21،25اور27 جنوری کو ہڑتال کی کال

جمعہ 18 جنوری 2019 18:05

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2019ء) مقبوضہ کشمیر میںسیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے گائو کدل، ہندواڑہ اورکپواڑہ کے شہداء کوانکی شہادت کی برسیوں کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے 21،25اور27جنوری کو گائوکدل ، بسنت باغ،چوٹہ بازار، ہندواڑہ اور کپواڑہ قصبوں میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں 1990میںگائوکدل، ہندواڑہ اور کپواڑہ میںنہتے کشمیریوں کے قتل عام کے واقعات بھارت کے غیر قانونی تسلط او ر ظلم و جبر کے آئینہ دارہیں۔انہوںنے کشمیری قوم و ملت اپنے شہداء کی مقروض ہیں جنہوںنے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے جدوجہد آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری کھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ حریت قائدین نے کہاکہ بھارتی فورسز نے اپنے غیر قانونی تسلط کو دوام بخشنے کیلئے 21جنوری1990کو کشمیریوںکا بے دریغ قتل عام شروع کیاتھا اور اس روز گائو کدل میںپر امن مظاہرین پر اندھادھند فائرنگ کر کے 50سے زائد کشمیریوںکو شہید کردیاتھا۔ انہوںنے کہاکہ فورسز نے یہ سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 25اور27جنوری کو ہندواڑہ اور کپواڑہ میں بھی سینکڑوں کشمیریوںکو شہید کیا۔

حریت قائدین نے کہا کہ1990میں کشمیریوں نے بھارت کے ناجائز تسلط اور ظلم و جبر کے خلاف ایک عوامی انقلاب کا آغاز کیا تو بھارت اور اسکی فورسز نے مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کی نسل کشیُ کی کارروائی کے دوران ہزاروں نہتے کشمیریوں کو شہید کردیا۔انہوںنے کہاکہ 21،25اور27جنوری ہمارے لئے تجدید عہد کے ایام ہیں اور آج جب ہم ان شہداء کی یاد مناتے ہوئے اس عہد کا اعادہ کرتے ہیں کہ شہداء کے مشن کی تکمیل کیلئے جدوجہد کواسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائیگا۔

انہوںنے کہاکہ 21جنوری بروز پیر کو یوم شہدائے گائوکدل پر ، گائوکدل، بڈشاہ چوک، مائسمہ،بسنت باغ،بربرشاہ،ریڈ کراس روڑ، کوکر بازار، چوٹہ بازار، کنہ کدل اور ملحقہ علاقوںمیں جبکہ یوم شہدائے ہندواڑہ پر 25جنوری بروز جمعہ کو ہندواڑہ قصبے اوریوم شہدائے کپوارہ پر27جنوری بروز اتوار کوکپواڑہ قصبہ میں مکمل ہڑتال کی جائیگی اور ان مقامات پر دعائیہ مجالس منعقد کی جائیں گی جن میں حریت رہنماء اور کارکن شرکت کریں گے اور شہدائے کو زبردست خراج عقیدت پیش کیاجائیگا۔