اقوام متحدہ کی صدر کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات ،ْ وزیر خارجہ کابھارت کی جانب انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار

مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے یو این سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ،ْ شاہ محمود قریشی کی ملاقات میں بات چیت فریقین نے متفقہ طور پر مسائل کے حل اور امن و استحکام کے قیام کیلئے اقوام متحدہ کو ایک ناگزیر پلیٹ فارم قرار دیا

جمعہ 18 جنوری 2019 18:43

اقوام متحدہ کی صدر کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات ،ْ وزیر خارجہ کابھارت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2019ء) پاکستان نے صدر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے مسلسل انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے یو این سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ۔ صدرجنرل اسمبلی ماریہ فرنینڈا اسپینوزا نے جمعہ کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں کشمیر سمیت اہم عالمی اورعلاقائی معاملات پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر فریقین نے متفقہ طور پر مسائل کے حل اور امن و استحکام کے قیام کیلئے اقوام متحدہ کو ایک ناگزیر پلیٹ فارم قرار دیا ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے صدر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہندوستان کی جانب سے مسلسل انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر پاکستان کی گہری تشویش سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسئلہ کے حل کیلئے یو این سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائے جانے پر زور دیا گیا ۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ فعال اورمضبوط اقوام متحدہ عالمی امن اور استحکام کے لیے ناگزیرہے ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ، ہم اجتماعی کاوشوں کے فروغ سے ہی عالمی مسائل کا حل ڈھونڈ سکتے ہیں۔ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں اسپینوسا نے کہاکہ پاکستانی وزیر خارجہ سے ملاقات بہت مفید تھی اور ان کا کہنا تھا کہ میرے لیے پاکستان کا دورہ کرنا اور نئی حکومت سے ملنا اعزاز کی بات ہے۔

ماریا اسپینوسا نے وزیر خارجہ سے ملاقات کے حوالے سے بتایا کہ ہماری ملاقات میں دیگر امور کے علاوہ ہجرت اور مہاجرین سے عالمی سطح پر پڑنے والے اثرات کے حوالے سے معاملات زیر بحث آئے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کو لاکھوں افغان مہاجرین کو پناہ دینے پر مبارک باد پیش کی جانی چاہیے۔یو این جی اے کی صدر نے نشاندہی کی کہ مہاجرین کو پناہ دینا کسی بھی ملک کے لیے ’ایک بہت اہم بوجھ ہے اور اس کے لیے بہت سارا سرمایہ اور ذخائر کی ضرورت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رحم دلی دکھانے والے ایسے ممالک کا اعتراف کیا جانا چاہیے اور انہیں معاوضہ ادا کیا جانا چاہیے۔انہوں نے پاکستان کی افغان امن مرحلے میں حمایت کو بھی سراہا ان کا کہنا تھا کہ پر امن افغانستان پورے خطے کے لیے مفید ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ بطور جنرل اسمبلی کے صدر، وہ کشمیر میں امن کے لیے کوششیں کر رہی ہیں اور اقوام متحدہ اپنے مینڈیٹ میں رہ کر اس مسئلے کو حل کرنے کی پوری کوشش کر رہا ہے۔

اسی دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کے حوالے سے بتایا کہ ہمارے درمیان کئی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا جس میں مسئلہ کشمیر بھی شامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر بات چیت ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر نے پاکستان میں ماحولیاتی بہتری اور خواتین کے بنیادی حقوق کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا ہے۔