Live Updates

عمران خان کو حادثاتی وزیر اعظم کہنے والے آصف زرداری خود بینظیر بھٹو کے حادثے کی بنیاد پر حادثاتی صدر بنے تھے‘فیاض الحسن چوہان

سپریم کورٹ کے جعلی اکاؤنٹ کیس میں تفصیلی فیصلے کے بعد آصف زرداری،مراد علی شاہ اور بلاول زرداری کے پاؤں کے نیچے سے خوف سے زمین سرک گئی ہے‘وزیر اطلاعات پنجاب کا ردعمل

جمعہ 18 جنوری 2019 18:47

عمران خان کو حادثاتی وزیر اعظم کہنے والے آصف زرداری خود بینظیر بھٹو ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2019ء) صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ عمران خان کو حادثاتی وزیر اعظم کہنے والے آصف علی زرداری خود بے نظیر بھٹو کے حادثے کی بنیاد پر ملک کے صدر اور پارٹی کے چیئرمین بنے تھے حادثاتی صدر اور پارٹی کے چیئرمین تو وہ خود ہیں، اب وہ کس منہ سے عمران خان صاحب کو حادثاتی وزیر اعظم کہہ رہے ہیں۔

انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ بے نظیر صاحبہ اپنے شوہر کی بد نیتی سے با خوبی واقف تھیں۔ اگر ان کے ساتھ یہ حادثہ پیش نہ آتا تو وہ آصف علی زرداری صاحب کو اپنی حکومت میں نائب قاصد بھی نہ رکھتیں۔اب جوزرداری صاحب کہہ رہے ہیں کہ عمران خان صاحب5سال پورے نہیں کر پائیں گے۔ ان سے میری گزارش ہے کہ آصف علی زرداری صاحب آپ نجومی بننا چھوڑ دیں۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کی حکومت انشاء اللہ اپنی5سال پورے کرے گی اور اس ملک کے خزانے کو لوٹنے والوں کو بے نقاب بھی کرے گی۔صوبائی وزیر کامزید کہنا تھا کہ اب جو جعلی اکائو نٹس کا تفصیلی فیصلہ آیا ہے تو ِزرداری صاحب، مراد علی شاہ اور بلاول زرداری کے طوطے اُڑ گئے ہیں اور انہوں نے جلسے اور تنقیدکرنا شروع کر دی ہے۔زرداری صاحب جو کہہ رہے تھے کہ جے ٹی آئی کو سپریم کورٹ نے اُڑا دیا ہے۔

ان کی اطلاع کے لیے عرض ہے کہ جے ٹی آئی ہی اب نیب کی معاونت کرے گی اور اسی کی سفار شات پر نیب 15دن کے اندر رپورٹ پیش کرے گی اور 2ماہ کے بعد سارا معمہ کھل جائے گا۔ نواز شریف صاحب کے کیس کی طرح اب آل ِزرداری کی بھی کوکلا چھپاکی شروع ہو گئی ہے۔اب انہیں چاہیے کہ نیب کے سامنے پیش ہوں اور اپنا حساب دینے کے لیے تیار ہو جائیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات