وفاقی کابینہ کی جنرل (ر) راحیل شریف کواین اوسی جاری کرنےکی منظوری

این اوسی کے اجراء کے بعد جنرل (ر) راحیل شریف اب بیرون ملک ملازمت کرسکیں گے، وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ کے حکم پر راحیل شریف کو این اوسی جاری کرنے کی منظوری دی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 18 جنوری 2019 18:43

وفاقی کابینہ کی جنرل (ر) راحیل شریف کواین اوسی جاری کرنےکی منظوری
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 جنوری2019ء) وفاقی کابینہ نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کو این اوسی جاری کرنے کی منظوری دے دی، این اوسی کے اجراء کے بعد جنرل (ر) راحیل شریف اب بیرون ملک ملازمت کرسکیں گے، وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ کے حکم پر راحیل شریف کو این اوسی جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق آرمی چیف اور سعودی عرب میں اسلامی اتحادی افواج کے سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف کی بیرون ملک ملازمت کیلئے این اوسی کے اجراء میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

وفاقی کابینہ نے گزشتہ ہفتے ہونے والے اجلاس میں راحیل شریف کیلئے این اوسی کی منظوری دے دی ہے۔ راحیل شریف کو بیرون ملک ملازمت کیلئے اب کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوگا۔ سپریم کورٹ نے  وفاقی کابینہ کو این اوسی کے اجراء سے متعلق فیصلہ کرنے کی ایک ماہ کی مہلت دی تھی۔

(جاری ہے)

حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ کو بتایا گیا تھا کہ راحیل شریف کیلئے این اوسی جی ایچ کیو اوروزارت دفاع نے جاری کیا تھا۔

وفاقی کابینہ کی این او سی کے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی گئی ہے۔ واضح رہے پاک فوج کے ریٹائرڈ ملازمین کو بیرون ملک ملازمت کرنے کیلئے باقاعدہ این اوسی لینے کی ضرورت ہوتی ہے۔ تاہم جنرل ر راحیل شریف وزارت دفاع کی جانب سے اجازت سے سعودی عرب میں بطوراسلامی اتحادی افواج خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ جنرل ر راحیل شریف نے بطور آرمی چیف پاک فوج بھی نمایاں کردار ادا کیا۔

جنرل راحیل شریف کے دور میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن ضرب عضب شروع کیا گیا۔ جس میں دہشتگردوں کی کمر توڑ دی گئی۔ نیشنل ایکشن پلان مرتب کیا جبکہ کراچی میں امن قائم ہوا۔ جنرل راحیل شریف کی بطور آرمی چیف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف کیا جاتا ہے۔ بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث جنرل راحیل شریف کو اسلامی اتحادی فوج کا سربراہ تعینات کیا گیا ہے۔