اوتھل کے قریب ناریل فارم کے مقام پر تیز رفتار پک اپ الٹ گئی، 2افراد جاں بحق، 13 زخمی

جمعہ 18 جنوری 2019 19:34

اوتھل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2019ء) اوتھل کے قریب ناریل فارم کے مقام پر تیز رفتار پک اپ الٹ گئی 2افراد ہلاک 13افراد ذخمی، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اوتھل میں ایمرجنسی نافذ، ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر مینگل اور اے ایس پی اخلاق اللہ تارڑحادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایچ کیو ہسپتال اوتھل پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق اوتھل کے قریب ناریل فارم کے مقام پر حب سے نال جانے والی پک اپ تیز رفتاری کے سبب الٹ گئی جس کے نتیجے میں پک اپ میں سوار 2 افراد رضا محمد ولد محمد یعقوب اور عبدالرزاق ولد پیر محمد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ 13افراد ذخمیوں میں عبدالوہاب ولد محمد، عبدالحق ولد عبدالحکیم، محمد سعید ولد نور محمد، عبدالحمید ولد عبدالرحمان، حضور بخش ولد امیر بخش، محمد عمران ولد خدا بخش، محمد رحیم ولد محمد کریم، علی حسن ولد غلام محمد، علی احمد ولد محمد، لال محمد ولد دوست، سلطان ولد نور محمد، قدر داد ولد حاجی رحیم بخش، الٰہی بخش ولد ساول خان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایدھی بلوچستان انچارج ڈاکٹر عبدالحکیم لاسی ایمبولینسز کے ہمراہ جائے حادثہ پر پہنچے جہاں سے زخمیوں کو ایدھی ایمبولینس ، لسبیلہ ویلفیئر ٹرسٹ کی ایمبولینس اور موٹروے پولیس نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اوتھل پہنچایا جہاں پر زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد دی گئی، امدادی کارروائیوں DHO لسبیلہ علی احمد بلوچ ایدھی, لسبیلہ ویلفیئر ٹرسٹ، لائف ٹرسٹ کے رضاکاروں اور ہسپتال کے عملے نے حصہ لیا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر احمد مینگل، اے ایس پی اوتھل اخلاق اللہ تارڑ، ایس ایچ او فلک شیر اور ڈی ایچ او لسبیلہ علی احمد بلوچ بھی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اوتھل پہنچے۔

ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر احمد مینگل نے ڈاخٹروں کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو علاج کی بہتر سہولیات مہیا کی جائیں اور ڈپٹی کمشنر لسبیلہ نے شدید زخمیوں فوری طور پر کراچی منتقل کرنے کے لئے ایمبولینسز مہیا کرنے کی ہدایت کی، شدید زخمیوں کو ایدھی ایمبولنسز کے ذریعے کراچی منتقل کر دیا گیا۔