ڈ ی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور کی پنجاب سٹیڈیم اور گریٹراقبال پارک کے ساتھ کرکٹ کی پریکٹس پچز بنانے کی ہدایت

پریکٹس پچز کی تعمیر سے نوجوان کرکٹرز کو بہترین سہولت میسر آئے گی،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے پنجاب سٹیڈیم اور پارکنگ ایریا کا معائنہ کیا

جمعہ 18 جنوری 2019 19:41

ڈ ی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور کی پنجاب سٹیڈیم اور گریٹراقبال پارک کے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2019ء) ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے گزشتہ روز پنجاب سٹیڈیم اور جمنیزیم ہال کے ساتھ پارکنگ ایریا کا دورہ کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر خصوصی ٹاسک محمد انیس شیخ، ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی، ڈائریکٹر پی ایم یو اکرم صوبن، ڈپٹی ڈائریکٹر رئوف باجوہ اور دیگر بھی ساتھ تھے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے پنجاب سٹیڈیم کا دورہ کرتے ہوئے افسران کو گرائونڈ کی سائیڈز پر کرکٹ کی پریکٹس پچز بنانے اور گریٹراقبال پارک سے منسلک سپورٹس کمپلیکس میں بھی 10کرکٹ کی پریکٹس پچزبنانے کی ہدایت کردی ہے،پنجاب سٹیڈیم کے ایڈمنسٹریٹر کو صفائی کا انتظام مزید بہتر بنانے کا حکم دیا، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنا ہمارا بنیادی کام ہے، جتنی زیادہ سہولتیں ہوں گی کھلاڑی اپنے کھیل کا اتنا ہی زیادہ بہتر بنا سکیں گے، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق سپورٹس کی ترقی اور فروغ کے لئے سہولتیں فراہم کرنا ضروری ہے، پریکٹس پچز کی تعمیر سے نوجوان کرکٹرز کو بہترین سہولت میسر آئے گی اور وہ اچھے گرائونڈ پر اپنے کھیل کو مزید بہتر بناسکیں گے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے جمنیزیم ہال کے ساتھ پارکنگ ایریاکا بھی معائنہ کیا اور عملے کو صفائی مزید بہتر کرنے کی ہدایت دی۔