میرے سیاسی مخالفین انتقامی کارروائیاں کر رہے ہیں، رکن قومی اسمبلی چوہدری عابد رضا

جمعہ 18 جنوری 2019 20:17

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی چوہدری عابد رضا نے الزام عائد کیا ہے کہ پنجاب اور مرکز میں انتقامی کارروائیاں ہو رہی ہیں، میرے سیاسی مخالفین الیکشن میں مجھے شکست تو نہ دے سکے، اب نیا تجربہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر مسلم لیگ (ن) کے اراکین قومی اسمبلی مریم اورنگ زیب، عبد الرحمن کانجو کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری عابد رضا نے کہا کہ مجھ پر رات ایک بجے ایف آئی آر درج کرائی گئی ، کل 88 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے، اس وقوعہ کا کوئی وجود نہیں ہے۔

ایف آئی آر کے بعد پولیس ہمارے گھر گئی اور کہا کہ شہر کے امن کو خطرہ ہے آپ اپنا گھر خالی کریں۔ عابد رضا نے کہا کہ میں 10 سال اقتدار میں رہا ہوں، ہم نے امن و امان کی صورتحال کو بہتر کیا، ہم نے کہیں بھی پولیس کا ناجائز استعمال نہیں کیا۔