نیا پاکستان بنانے والوں نے عوام کا جینا مشکل کر دیا،سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد

جمعہ 18 جنوری 2019 20:44

نیا پاکستان بنانے والوں نے عوام کا جینا مشکل کر دیا،سابق وفاقی وزیر ..
حضرو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد کی اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف سے ملاقات،میاں برادران کے حوصلے بلند ہیں، قوم نئے پاکستان کی بجائے پرانے پاکستان میں جانا چاہتی ہے، نیا پاکستان بنانے والوں نے عوام کا جینا مشکل کر دیا، 6ماہ کے دوران ہی قوم کی نظریں میاں برادران پر لگی ہوئی ہیں، کارکن حوصلے بلند رکھیں، لیگی قیادت جلد جیلوں سے باہر آئی گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے میاں شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ پاکستانی قوم اچھی طرح جانتی ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا دور خوشحالی کا دور تھا عوام کو روزگار کی سہولیات میسر تھیں، معیشت اپنے پائوں پر کھڑی ہو رہی تھی، ہسپتالوں میں عوام کو صحت کی تمام سہولیات میسر تھیں، صحت کارڈ کی بدولت بھی عوام کو ریلیف مل رہا تھا، نیا پاکستان بنانے والوں نے آتے ہی پرانے پاکستان کے عوام کا جینا حرام کر دیا ہسپتالوں میں عوام کو ادویات تک میسر نہیں، ملک میں بجلی اور سوئی گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ سے عوام کے مسائل میں مزید اضافہ ہو رہا ہے یہی وجہ ہے کہ 6ماہ کے دوران ہی عوام موجودہ حکومت سے تنگ آگئے پوری قوم کی نظریں ایک بار پھر میاں برادران پر لگی ہوئی ہیں کیونکہ میاں برادران ہی ملکی وعوامی مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ پارٹی کارکن حوصلے بلند رکھیں میاں نواز شریف او رمیاں شہباز شریف جلد کارکنوں کے درمیان ہونگے ۔