راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں چند مقامات پر بارش جبکہ بالائی پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

جمعہ 18 جنوری 2019 22:08

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں چند مقامات پر بارش جبکہ بالائی پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں (آج) ہفتہ کو موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم کوئٹہ، ژوب، قلات، مکران، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور برف باری کا امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہا تاہم مالاکنڈ ڈویژن میں بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش مالم جبہ میں ایک ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔جمعہ کو ملک میں کم سے کم درجہ حرارت بگروٹ منفی13، استور، گوپس منفی10، کالام، سکردو منفی09، ہنزہ منفی07، دیر، گلگت، مالم جبہ منفی03، چترال، پاراچنار، دروش، راولاکوٹ منفی02، کاکول میں منفی ایک سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔