عوامی شکایات پر کان نہ دھرنے والے افسران کو جوابدہ ہونا پڑے گا ، شہریوں کو ہرممکن محکمانہ ریلیف فراہم کیا جائے، ڈپٹی کمشنرفیصل آباد

جمعہ 18 جنوری 2019 22:49

فیصل آباد 18 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) : ڈپٹی کمشنر سردارسیف اللہ ڈوگر نے کہا کہ عوامی شکایات پر کان نہ دھرنے والے افسران کو جوابدہ ہونا پڑے گا لہذا وہ اپنا قبلہ درست کرتے ہوئے شہریوں کو ہرممکن محکمانہ ریلیف فراہم کریں۔انہوں نے یہ بات وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی ہدایت پر اپنے آفس کے احاطہ میں منعقد کی جانے والی کھلی کچہری کے دوران لوگوں کی شکایات سنتے ہوئے کہی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرزریونیو،جنرل،ہیڈ کوارٹرطارق خان نیازی،میاں آفتاب احمد،قیصر عباس رند،ایم ڈی فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کرنل عماداقبال گل،ڈی ایم ڈی واساوسیم ہاشمی،سی ای اوز ایجوکیشن وہیلتھ علی احمد سیان،ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ چوہدری عبدالحمید،اسسٹنٹ کمشنرز شمائلہ منظور،نازیہ موہل،تنویر مرتضی،خرم شہزادبھٹی،محمداورنگزیب،شاہد ندیم اور دیگر محکموں کے ضلعی افسران کھلی کچہری میں موجود تھے جن کے روبروشہریوں کی طرف سے 65شکایات پیش کی گئیں اور ڈپٹی کمشنر نے ان کو حل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

کھلی کچہری کے دوران زیادہ تردرخواستیں محکمہ ریونیو کے ریکارڈ کی درستگی،تجاوزات،صفائی،سیوریج کا مسئلہ،محکمہ تعلیم وصحت سے متعلق تھیں۔ڈپٹی کمشنر نے درخواست گزاروں کو یقین دلایا کہ ان کی شکایات کے حل کے لئے محکمانہ کارکردگی کی کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور انہیں ہر ممکن ریلیف فراہم کریں گے۔انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ کھلی کچہری میں پیش کی جانے والی شکایات کے حل میں گہری دلچسپی لیں اور درخواست گزاروں کو اطمینان بخش ریلیف فراہم کریں۔

اس موقع پر گزشتہ جمعہ کی کھلی کچہری کے دوران پیش کی جانے والی 54درخواستوں پر محکمانہ کارروائی کا بھی جائزہ لیا گیا ہے جن میں سے 38شکایات کا ازالہ کردیا گیا ہے جبکہ بقیہ پر محکمانہ کارروائی جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ان کی طرف سے ہر جمعہ کو 3بجے سہ پہرکھلی کچہری کا انعقاد کیا جائے گا۔اس موقع پر شہریوں کی طرف سے کھلی کچہریوں کے انعقاد کے اقدام کو سراہا گیا۔