ہمارے بچوں کو قلم دو، تعلیم دو، جوکہ ان کا بنیادی حق ہے،عبدالغنی آفریدی

جمعہ 18 جنوری 2019 23:12

خیبر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) تحریک انصاف خیبرایجنسی کے سینیئر نائب صدر عبدالغنی آفریدی نے کہا ہے کہ این ایف سی میں مختص 120 ارب روپے قبائلی اضلاع کو جلد از جلد جاری کیے جائیں،فاٹا انضمام کا مطلب ہر گز صوبائی الیکشن اور ایم پی ایز کا شور شرابہ نہیں تھا بلکہ 70 سالو ںسے قبائلی عوام کے محرومیوں کا آزالہ کرنا تھا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں 11 لاکھ تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوان نہ تو سارے ایم پی ایز بن سکتے ہیں اور نہ 15 لاکھ سکولوں سے باہر بچے کونسلرز بن سکتے ہیں ہمیں معیاری تعلیم، صحت، روزگار اور تعمیر کی ضرورت ہے 21 ویں صدی میں میرے قوم کے بچے اس ٹہٹھرتی سردی میں ٹینٹ سکول میں آئی ڈی پی کی واپسی کو تین سال ہو چکے ہیں لیکن ہمارے تعلیمی ادارے اب بھی کھنڈرات ہیں،ہم نے بندوق توڑ کر قلم کا انتخاب کیا ہے، ہمارے بچوں کو قلم دو تعلیم دو جوکہ ان کا بنیادی حق ہے۔