وزیراعلیٰ بلوچستان سے صادق سنجرانی، زبیدہ جلال ودیگر کی ملاقات

ملاقات میں بی اے پی کی قیادت نے ملکی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا

جمعہ 18 جنوری 2019 23:22

وزیراعلیٰ بلوچستان سے صادق سنجرانی، زبیدہ جلال ودیگر کی ملاقات
اسلام آباد /کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2019ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار محترمہ زبیدہ جلال اور بلوچستان عوامی پارٹی کے سینٹرز انوارالحق کاکڑ، میر سرفراز بگٹی، اراکین قومی اسمبلی نوابزادہ خالد خان مگسی، میر احسان اللہ ریکی محترمہ روبینہ عرفان اور سردار اسرار خان ترین نے بلوچستان ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران بلوچستان عوامی پارٹی کی قیادت نے ملک و صوبے کی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کر تے ہوئے فیصلہ کیا کہ وفاق میں ایک بڑے اتحادی کی حیثیت سے بلو چستان عوامی پارٹی اپنے صوبے کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دے گی جو نہ صرف حکومت بلکہ بلو چستان اور ملک کے مفاد میںہر سیاسی جماعت سے رابطے کرئے گی ملاقات میں اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں مخلوط صوبائی حکومت جبکہ سینٹ و قومی اسمبلی میں بلوچستان عوامی پارٹی کے اراکین بلوچستان کے مفادات کے تحفظ اور صوبے کی ترقی کے لئے نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں، پارٹی کے سینٹرز اور اراکین قومی اسمبلی پارلیمنٹ میں ایک مضبوط آواز بن کر بلوچستان کے مفادات کا تحفظ کر رہے ہیں اور بلوچستان عوامی پارٹی مرکز اور صوبے کی سیاست میں بنیادی کردار کی حامل سیاسی جماعت بن کر ابھری ہے ملاقات میں صوبے میں پارٹی کو مزید مستحکم فعال اور محترک بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا جبکہ سینٹ کے ضمنی الیکشن میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار منظور خان کاکڑ کی کامیابی پرخوشی اور اطمینان کا اظہار کیاگیا۔