قومی اسمبلی کی جانب سے بلوچستان کے خشک سالی سے متاثرہ18اضلاع کو آفت زدہ قرار دینے کی قرار داد کی منظوری خوش آئند ہے ،

متاثر ہ علاقوں میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں ملکر عوام کو ریلیف کی فراہمی میں اپنا کردارادا کریں،جمال شا ہ کاکڑ

جمعہ 18 جنوری 2019 23:23

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2019ء) مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے قومی اسمبلی کی جانب سے بلوچستان کے قحط زدہ 18اضلاع کو آفت زدہ قرار دینے کی قرارداد منظور کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثر ہ علاقوں میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں ملکر عوام کو ریلیف کی فراہمی میں اپنا کردارادا کریں۔

(جاری ہے)

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے بلوچستان کے اکثر علاقوں کو خشک سالی اور قحط سالی نے اپنی زد میں لے رکھا ہے اور لوگوں کی زراعت تباہ اور مال مویشی ہلاک ہوچکے ہیں اور لوگ دو وقت کی روٹی کے محتاج ہوگئے ہیں وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان کے خشک سالی اور قحط زدہ 18اضلاع کو آفت زدہ قرار دینے سے متعلق قرار داد کی منظوری ایک احسن اقدام ہے انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ، پی ڈی ایم اے فوری طور پر خشک سالی اور قحط سے متاثرہ علاقوں میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے فوری اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ کوئی بڑاانسانی المیہ جنم نہ لے سکے۔