میڈیا اخلاقی اقدار کو پروان چڑھانے اور معاشرے کی اصلاح و ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرے،

پی ٹی وی کی نشریات میں اخلاقی اقدار کا خاص خیال رکھا جائے اور آنے والی نسلوں کو ماضی سے جوڑے رکھنے اور روشناس کرانے کیلئے تاریخی اور معلوماتی پروگرام نشر کئے جائیں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریا ت چوہدی فواد حسین سے ملاقات میں گفتگو پی ٹی وی کی ساکھ کو بحال کرنے اور اس کی نشریات کے معیار کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جس کے نتائج جلد نظر آئیں گے، موجودہ حکومت میڈیا کی مکمل آزادی پر یقین رکھتی ہے،وفاقی وزیر اطلاعات چوہدی فواد حسین

جمعہ 18 جنوری 2019 23:33

میڈیا اخلاقی اقدار کو پروان چڑھانے اور معاشرے کی اصلاح و ترقی کیلئے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ میڈیا اخلاقی اقدار کو پروان چڑھانے اور معاشرے کی اصلاح و ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریا ت چوہدی فواد حسین سے جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ملاقات میں پی ٹی وی پارلیمنٹ چینل کے معیار کو بہتر بنانے اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی وی ارشد خان بھی موجود تھے۔ سپیکر نے کہا کہ عصر حاضر میں میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اسے ریا ست کا چوتھا ستون سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کی وجہ سے میڈیا کے کردار میں کئی گنا اضا فہ ہو چکا ہے اور اس نے دنیا کو ایک گلوبل ویلج بنا دیا ہے اور اب دنیا کے کسی کونے میں بھی رونما ہونے والا چھوٹے سے چھو ٹا واقعہ دنیا بھر میں اس کے ذریعے دیکھا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میڈیا عوامی مسائل اور حکومتی پالیسیوں پر عوامی ردعمل کو اجاگر کرکے اقتدار کے اعلیٰ ایوانوں تک پہنچانے اور عوام کی فلاح بہبود کیلئے بننے والی حکومتی پالیسیوں کو عوام تک پہنچانے میں ایک پل کا کر دار ادا کر رہا ہے۔ انہو ں نے اداروں میں شفافیت لا نے اور کر پشن کے خاتمہ کیلئے میڈیا کی آزادی کو لازمی قرار دیا۔ سپیکر نے پی ٹی وی پارلیمنٹ چینل کے معیار کو بہتر بنانے کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان کے اندر ہونے والی کارروائی کو عوام تک پہنچانا ضروری ہے تاکہ وہ اپنے منتخب نمائندوں کی کارکردگی سے آگاہ ہو سکیں۔

انہوں نے پارلیمنٹ ٹی وی چینل کو اپ گریڈ کرنے اور اس کی نشریات کو بہتر بنانے کیلئے لائحہ عمل بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پی ٹی وی کی ساکھ کو بحال کرنے اور اس کی نشریات کے معیار کو بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پی ٹی وی کو اس کی معیاری نشریات کی وجہ سے فیملی چینل مانا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کی نشریات میں اخلاقی اقدار کا خاص خیال رکھا جائے اور آنے والی نسلوں کو ماضی سے جوڑے رکھنے اور روشناس کرانے کیلئے تاریخی اور معلوماتی پروگرام نشر کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کی کردار سازی کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ سپیکر اسد قیصر نے پی ٹی وی پر تمام جماعتوں کے نمائندوں کو مساوی موقع فراہم کرنے کیلئے بھی کہا۔ انہوں نے ایوان کی کارروائی کو عوام تک پہنچانے میں پریس گیلری کے کردار کو سراہا اور اس میں مزید سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے پی ٹی وی پارلیمنٹ چینل کو اپ گریڈ کرنے اور اس کی نشریات کو بہتر بنانے کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کی ساکھ کو بحال کرنے اور اس کی نشریات کے معیار کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جس کے نتائج جلد نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میڈیا کی مکمل آزادی پر یقین رکھتی ہے اور اسے یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے ایوان میں سپیکر کے غیر جانبدارانہ کردار کو سراہتے ہو ئے کہا کہ ایوان میں موجود تمام پارلیمانی جماعتیں آپ کی تحمل مزاجی اور غیر جانبداری کی معترف ہیں۔