ڈاکٹر محمد طاہرالقادری تنظیمی دورے پر بیرون ملک روانہ ہوگئے

جمعہ 18 جنوری 2019 23:35

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری تنظیمی دورے پر بیرون ملک روانہ ہوگئے
لاہور۔18 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2019ء) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری گزشتہ روز علی الصبح علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے براستہ استنبول کینیڈاکیلئے روانہ ہوگئے ،وہ فروری کے آخری ہفتے انڈیا کے دو ہفتے کے تنظیمی دورہ کے بعد وطن واپس لوٹیں گے۔گزشتہ روز ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین، خرم نواز گنڈا پور،نوراللہ صدیقی،جواد حامد،حافظ غلام فرید سمیت عہدیداروں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے انہیں ائیر پورٹ پر الوداع کہا۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے ائیر پورٹ پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کارکن اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھیں، منہاج القرآن اصلاح احوال اور احیائے دین کے ساتھ دکھی انسانیت کیلئے بے مثال جدوجہد کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک عہدوں کی مرہون منت نہیں، اللہ تعالیٰ کے فضل سے منہاج القرآن نے سینکڑوں تعلیمی ادارے قائم اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں فلاحی اداروں کا نیٹ ورک قائم کیا، جس سے لاکھوں کروڑوں نفوس مستفید ہو رہے ہیں۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ہر قسم کی نفرت، تعصب اور انتہا پسندی سے پاک پاکستان و عالم اسلام کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کی استقامت اور کارکنوں کی ان تھک جدوجہد سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی نئی جے آئی ٹی کی تشکیل ممکن ہو سکی ،انشاء اللہ انصاف کے باقی مراحل بھی قانون کے مطابق انجام پائیں گے اور ورثا کو انصاف ملے گا۔