Live Updates

پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات بتدریج بہتر ہو رہے ہیں

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال

ہفتہ 19 جنوری 2019 01:40

پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات بتدریج بہتر ہو رہے ہیں
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات بتدریج بہتر ہو رہے ہیں، جبکہ افغان امن مذاکرات کا اگلا دور اسلام آباد میں ہونے کا امکان ہے۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان طالبان اور امریکہ کے درمیان امن مذاکرات کے اگلے دور کے انعقاد کے لیے کوشاں ہے اور اس طرح کے مذاکرات افغان حکومت سمیت طالبان اور پورے خطے کے مفاد میں ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے اس طرح کے مزید مذاکرات کی میزبانی کرنے کا بھی امکانات ہیں ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات بتدریج بہتر ہو رہے ہیں کیونکہ گذشتہ دنوں امریکہ پاکستان پر نکتہ چینی کر رہا تھا تاہم اب وہ افغان امن عمل میں مدد اور مثبت کردار پر پاکستان کی تعریف کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افغان صدر اشرف غنی نے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا اور افغان امن عمل میں مخلصانہ مدد اور سہو لت کی فراہمی پر اظہار تشکر کیا ۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے اندر مذاکرات کے بغیر افغان مسئلہ کا حل ممکن نہیں اور پاکستان نے افغان جنگ میں بڑی قیمت چکائی ہے ۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا پاکستان افغانستان کے اندر مذاکرات کا حامی ہے اوراسے امن کے لئے بہت اہم سمجھتاہے تاہم انہوں نے کہا کہ افسوسناک بات یہ ہے کہ خطہ کی بعض قوتیں افغانستان میں امن نہیں چاہتیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات