لاہور میوزیم کے باہر رکھے گئے شیطانی مجسمے کے خالق نے تمام اعتراضات مسترد کر دئے

کون دعویٰ کرسکتا ہے شیطان کی شکل اصل میں یہی ہے ؟ کیا کسی نے شیطان کو دیکھا ہے؟ مجسمہ ساز ارتباط

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 19 جنوری 2019 11:23

لاہور میوزیم کے باہر رکھے گئے شیطانی مجسمے کے خالق نے تمام اعتراضات ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2019ء) : لاہور میوزیم کے باہر موجود شیطانی شکل کے مجسمے سے متعلق سوشل میڈیا پر بحث کا آغاز ہوا تو مجسمہ ساز ارتباط نے سوشل میڈیا پر اُٹھائے جانے والے تمام اعتراضات کو مسترد کر دیا۔ لاہور میوزم انتظامیہ نے اس مجسمے سے متعلق اعتراضات اُٹھائےجانے کے بعد میوزم کے باہر سے مجسمہ ہٹا دیا۔ اس معاملے پر بات کرتے ہوئے مجسمہ ساز ارتباط کا کہنا تھا کہ کون دعویٰ کرسکتا ہے شیطان کی شکل اصل میں یہی ہے ؟ کیا کبھی کسی نے شیطان کو دیکھا ہے؟ ارتباط نے اپنا موقف دیتے ہوئے کہا کہ میں نے اس مجسمے کے ذریعے وحشت کو شکل دی تھی کہ انسان اپنی اصلاح نہ کرے تو ایسی صورت بھی اختیار کرسکتا ہے ۔

یا درہے کہ لاہور کے عجائب گھر کے داخلی راستے پر 15 جنوری کو نصب کیے گئے 16 فٹ طویل شیطانی مجسمے نے تہلکہ مچادیا تھا۔

(جاری ہے)

اس مجسمے کے بارے میں سوالات اُٹھنا شروع ہوگئے کہ کس نے نصب کیا اور کیوں کیا اور اس کی تاریخ کیا ہے؟ مجسمے کے 2 بڑے سینگوں میں ایک سینگ ٹوٹا ہوا تھا، مجسمے کے چہرے پر وحشت تھی ، اس کے ہاتھ اور پاؤں کے ناخن جانوروں کی طرح بڑے ہوئے تھے۔

در اصل یہ مجسمہ ارتباط الحسن چیمہ نامی ایک نوجوان نے تیار کیا جنہوں نے نے حال ہی میں پنجاب یونیورسٹی کے کالج آف آرٹس اینڈ ڈیزئن سے گریجویشن مکمل کی ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ مجسمہ ان کی گریجویشن کا فائنل تھیسز ورک تھا۔ لاہور میوزیم کے باہر اس ہیبت ناک مجسمہ رکھنے کے معاملے پرعنبرین ایڈووکیٹ نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی، درخواست کے متن کے مطابق دیو ہیکل مجسمہ دیکھنے میں خاصا خوفناک کا ہے۔

شیطانی شکل دیکھ کر بچے ڈرجاتے ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت اسے ہٹانے کے احکامات جاری کرے۔ لاہورہائی کورٹ نے عجائب گھرمیں ہیبت ناک مجسمہ رکھنے پرعجائب گھرکے ڈائریکٹرسے آئندہ ہفتےجواب طلب کررکھا ہے ۔ جبکہ انتظامیہ نے اعتراضات کی وجہ سے مجسمہ ہٹا دیا ہے۔ مجسمے کے شیطانی ہونے سے متعلق بات کرتے ہوئے ارتباط الحسن چیمہ نے کہا کہ اس کردار کو تخلیق کرتے ہوئے میرے ذہن میں شیطانیت کا کوئی تصور بھی نہیں تھا۔ دوسری بات یہ کہ اگر اسے شیطان بولا جا رہا ہے تو شیطان تو کسی نے بھی نہیں دیکھا، تو پھر اسے کیوں شیطان کا نام دیا جا رہا ہے؟