Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کی ملاقات

ملاقات میں تحفظات دور نہ ہوئے ، پرویز الٰہی نے شکووں کی پٹاری کھول دی، وزیراعلیٰ کا معاملہ وزیراعظم کے پاس لے جانے کا فیصلہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 19 جنوری 2019 12:26

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2019ء) : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کی ملاقات ہوئی۔ تفصیلات کےمطابق دونوں رہنماؤں کے مابین ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے مابین تحفظات دور کرنے کی کوشش ناکام ہو گئی۔ ملاقات میں اسپیکر پنجاب اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے سامنے شکووں اور شکایات کی پٹاری کھول دی ۔

پرویز الٰہی نے کہاکہ آپ کی قیادت سے اتحاد کے جو معاملات طے ہوئے تھے ان پر تاحال عمل نہیں ہوا۔مرکز اور پنجاب میں دو ، دو وزارتیں طے ہوئیں ، تاحال ان پر کوئی عملدرآمد نہیں کیاگیا۔ ذرائع ق لیگ کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کے شکووں پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ یہ تو میرے علم میں ہی نہیں ہے ، میں وزیراعظم سے بات کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

پرویز الٰہی نے کہا کہ آپ کے والد سے میرے ذاتی تعلقات تھے، پھر بھی معاملات صحیح نہیں چل رہے۔ جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ جو بھی پوسٹنگ ٹرانسفر اور دوسرے انتظامی کام ہیں وہ فوری طور پر ہوں گے۔جس پر پرویز الٰہی نے کہا کہ پوسٹنگ اور ٹرانسفر کوئی ایشو نہیں ہے۔ بس ہمارے مابین ہوئے معاہدوں پر عمل ہونا چاہئیے۔

ذرائع ق لیگ کے مطابق وزیر معدنیات کے استعفے کا مطالبہ نہ حل ہوا اور نہ ہی اتحادی مانے۔ جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے لاعلمی کا اظہار کیا اور یہ معاملہ وزیراعظم عمران خان کےپاس لے جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ دوسری جانب وزیرا طلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے دعویٰ کیا کہ ق لیگ سے تمام معاملات طے ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمار یاسر کے استعفے کا معاملہ بھی حل کر لیا گیا ہے، اگر وزیراعلیٰ پنجاب سے پہلے بات کر لی جاتی تو یہ معاملہ پہلے ہی حل ہو جاتا ۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران انتہائی سمجھدار سیاستدان ہیں، حکومت کا ایک ستون ہم اور دوسرا ستون وہ ہیں لہٰذا وہ کچھ ایسا نہیں کریں گے جس سے حکومت میں مسئلہ پیدا ہو۔ ایک طرف فیاض الحسن چوہان کا بیان ہے لیکن دوسری جانب در حقیقت اندرونی کہانی کچھ اور ہی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار سے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کی ملاقات بے سود ہونے پر ق لیگ نے اسلام آباد میں اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں اتحاد سے متعلق معاملات زیر غور آئیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات