آسٹریلوی ہائی کمیشن و پاکستان کرکٹ بورڈ کی سرینا ہوٹل کے تعاون سے اسلام آباد کے مرغزار کرکٹ گراؤنڈ میں چوتھے اے ایچ سی۔ پی سی بی گرلز کرکٹ کپ کی میزبانی

اے ایچ سی۔ پی سی بی گرلز کپ 2019 ء میں چار سکولوں کی ٹیمیں شامل ہیں جن میں لڑکیوں کے لیے خصوصی تعلیم کا سکول ایچ 9، مشال ماڈل سکول بری امام، پاکستان سویٹ ہومز ایچ 9/4 اور اسلام آباد ماڈل سکول برائے گرلز آئی نائن ون اسلام آبادشامل ہیں

ہفتہ 19 جنوری 2019 12:52

آسٹریلوی ہائی کمیشن و پاکستان کرکٹ بورڈ کی سرینا ہوٹل کے تعاون سے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2019ء) آسٹریلوی ہائی کمیشن (اے ایچ سی) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سرینا ہوٹل کے تعاون سے ہفتے کو اسلام آباد کے مرغزار کرکٹ گراؤنڈ میں چوتھے اے ایچ سی۔ پی سی بی گرلز کرکٹ کپ کی میزبانی کی۔اے ایچ سی۔ پی سی بی گرلز کپ 2019 ء میں چار سکولوں کی ٹیمیں شامل ہیں جن میں لڑکیوں کے لیے خصوصی تعلیم کا سکول ایچ 9، مشال ماڈل سکول بری امام، پاکستان سویٹ ہومز ایچ 9/4 اور اسلام آباد ماڈل سکول برائے گرلز آئی نائن ون اسلام آبادشامل ہیں۔

لڑکیوں نے فرسٹ کلاس خواتین کرکٹرز اور پی سی بی کے کوچ فرخ حیات کی جانب سے منعقد ہونے والے مقابلے میں پانچ روزہ کوچنگ کلینک میں شرکت کی۔پاکستان میں آسٹریلیا کے نائب ہائی کمشنر، بریک بیٹلی نے مقابلے میں شرکت کرنے والے سکولوں کو مبارکباد دی اور پی سی بی اور سیرینا ہوٹل کا سالانہ گرلز کرکٹ کپ کے لیے مسلسل تعاون کا خیر مقدم کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کا آٹوگراف شدہ ایک خصوصی بلا بھی ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی کو پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ "کرکٹ آسٹریلیا اور پاکستان کے لیے ایک جنون کی حیثیت رکھتا ہے، آسٹریلوی ہائی کمیشن کو خوشی ہے کہ ہم پی سی بی اور سیرینا ہوٹل کے ساتھ مل کر ایک بار پھر اس کھیل کی میزبانی کر رہے ہیں، یہ ٹورنامنٹ کرکٹ کے ذریعے لڑکیوں کو بااختیار بنانے اور کھیل کے ذریعہ صنفی مساوات کو فروغ دینے کی ایک کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں خاص طور پر اس بات کی خوشی ہے کہ فرسٹ کلاس خواتین کرکٹر ز نے بچیوں کی کوچنگ کی، ان میں اعتماد اور مل کے کام کرنے کا جذبہ اجاگر کیا اور رکاوٹوں سے آگے نکلنے میں ان کی حوصلہ افزائی کی۔

سی ای او سرینا ہوٹلز، مسٹر عزیز بولانی نے کہا کہ کرکٹ پاکستان میں ایک جذبہ ہے اور کسی بھی بہترین کھیل کی طرح یہ ٹیم ورک، نظم و ضبط، محنت اور سٹریٹجک سوچ کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، سرینا ہوٹل کے سپورٹس ڈپلومیسی پروگرام کے تحت ہم سپورٹس کے بہت سے پروگرامز کو سپورٹ کرتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ کھیلوں کی سفارتکاری اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ہمارے عزم نے اے ایچ سی۔

پی سی بی گرلز کرکٹ کپ کے ذریعے اظہار پایا ، یہ ٹورنامنٹ کھیل میں صنفی مساوات کی اہمیت کو فروغ دینے اور نمایاں کرنے کے لیے ایک شاندار ذریعہ فراہم کرتا ہے۔ اس سال کے مقابلے میں ملک سپورٹس، کینیڈین ہائی کمشن اسلام آباد اور اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن نے بالترتیب کرکٹ کا سامان، جوتے اور گراؤنڈ کی سہولیات فراہم کیں۔