Live Updates

عابد شیر علی نے وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی نیو جرسی میں مبینہ پراپرٹی ڈھونڈ نکالی

علیمہ خان کی مبینہ پراپرٹی پر جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ بھی کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 19 جنوری 2019 12:40

عابد شیر علی نے وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی نیو جرسی میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2019ء) : مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی نیو جرسی میں وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی مبینہ پراپرٹی سامنے لے آئے۔ تفصیلات کے مطابق عابد شیر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بہن نے خیرات اور زکوۃ کا پیسہ لُوٹ کر فلیٹس خریدے۔ عابد شیر علی نے الزام عائد کیا کہ علیمہ خان کی بےنامی جائیداد کے اصل مالک عمران خان ہیں۔

عابد شیر علی نے علیمہ خان کی پراپرٹیز اور ان کے فلیٹس پر جے آئی ٹی تشکیل دینے کا مطالبہ بھی کر دیا۔ عابد شیر علی کے اس بیان پر وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نےکہا کہ عابد شیر علی الیکشن ہارنے کے بعد فارغ ہیں اسی لیے وہ جگہ جگہ پھر کر تفتیش کرتے پھر رہے ہیں۔ انہیں اس چیز کا علم نہیں ہے کہ علیمہ خان نے ان کے لیے اور ان کی جماعت کے لیے ایک مثال قائم کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سب کو دکھا دیا کہ اگر غلطی سے کوئی جائیداد ڈکلئیر نہیں کر سکے تو کس طرح اسے قانونی طریقے اور ریاستی قوانین کے مطابق قانونی بنایا جاتا ہے۔ علیمہ خان نے عدالت کے سامنے پیش ہو کر اپنی جائیدادوں کی تمام تفصیلات پیش کیں، منی ٹریل پیش کی، کاروبار اور جائیداد کی تفصیلات بتائیں اور جُرمانہ بھی ادا کیا۔ علیمہ خان کے اس عمل سے عابد شیر علی ، ان کے رشتہ دار اور پارٹی قائدین کو بھی کچھ سیکھنا چاہئیے۔

یہ لوگ شور مچاتے رہے لیکن ایک بھی دستاویز پیش نہیں کر سکے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی کی ایک اور ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ میں نے ایک مشن شروع کیا ہے، فیصل واوڈا نے غیر قانونی رقم سے لندن میں جو پراپرٹیز لی ہیں، یہ لگژری قسم کی پراپرٹیز ہیں، میں نے اس پراپرٹی کی بات کی تھی۔ قبل ازیں بھی پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں انہوں نے وفاقی وزیر فیصل واوڈ ا پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔

عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ آج میں لندن کی اس جگہ پر موجود ہوں جو کہ مہنگی ترین جگہ ہے اور یہ کرپشن کے بے تاج بادشاہ عمران خان کی ایم ٹی مشین یعنی کے فیصل واوڈ کی ہے،میں نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ میں حقائق سے پردہ اٹھاؤں گا۔فیصل واوڈا نے لندن کے مہنگے ترین علاقے میں جگہ خریدی اور یہ ساری پراپرٹی ان کی ہے۔عابد شیر علی نے مزید کہا کہ اس پراپرٹی کی قیمت کم از کم 4 ملین پاؤنڈ ہے جس کو چھپانے کے لیے فیصل واوڈا نے عمران خان سے این آر او لیا ہے۔

اور یہ ساری پراپرٹی کراچی میں چائنہ کٹنگ اور بھتے کے پیسوں سے بنائی گئی۔اور منی لانڈرنگ کے ذریعے سے یہ پیسے لندن شفٹ کیے گئے۔
عابد شیر علی نے کہا کہ یہاں پر فیصل واوڈا کی بیٹی بھی رہتی ہے۔اور ابھی تو میں نے یہ ایک پراپرٹی بتائی ہے اس کے علاوہ بھی 7 اور پراپرٹیز ہیں جو فیصل واوڈا نے بھتے کے پیسوں سے بنائی۔ جس پر رد عمل دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے عہدیدار فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ عابد شیر علی سستی شہرت کے لیے ایسے بیانات دے رہے ہیں۔

میں عابد شیر علی کو کہتا ہوں کہ بزدل جس طرح میں تیرے رشتہ داروں کے خلاف ثبوت لایا تم بھی لاؤ۔انہوں نے کہا ہم نہ ڈرے تھے نہ جھکے ہیں۔لندن بھاگا ہوا اشتہاری ملکہ کے پیلس کے سامنے کھڑے ہو کرکہتا ہےکہ یہ فیصل واوڈا کی پراپرٹی ہے۔فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ جس طرح ہم شریف خاندان کے خلاف ثبوت لائے اس طرح ہمارے خلاف بھی لائے جائیں تو بات کروں گا۔فیصل واوڈا نے عابد شیر کو ذہنی مریض قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں عابد شیر علی کو خیراتی فنڈز سے علاج کرنے کی دعوت دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں علاج کرنا جانتا ہوں اور کروں گا بھی جیسے شریف خاندان کاکیا تھا۔عابد شیر علی رات کو کسی بھی بلڈنگ کے باہر کھڑے ہو کر کہتا ہے کہ یہ فیصل واوڈا کی بلڈنگ ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات